Live Updates

میاں محمودالرشید نے پنجاب میں نگران حکومت کے قیام پر مشاورت کیلئے اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس (آج) طلب کر لیا

اتوار 22 اپریل 2018 18:10

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) اپوزیشن نے پنجاب میں بھی نگران حکومت کے قیام پر مشاورت شروع کر دی۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے (آج) پیر کو اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

ترجمان قائد حزب اختلاف کے مطابق کل پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں پارلیمانی پارٹیز کا اجلاس ہوگا، پارلیمانی جماعتوں سے قبل تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں نگران وزیراعلیٰ کے ناموں پر مشاورت کی جائیگی، اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ز شرکت کرینگے، اپوزیشن کے متفقہ نام قائد حزب اختلاف وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرینگے۔

دریں اثنا ء اپنے بیان میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی دیگر پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نگران وزیراعلیٰ کا نام تجویز کرینگے، ماضی میں حکومت اور اپوزیشن مک مکا کر کے نگران حکومت کا قیام عمل میں لاتے رہے ہیں تاہم اب ایسا نہیں ہوگا، ملک میں شفاف انتخابات کیلئے تحریک انصاف موثر کردار ادا کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات