شہباز شریف بڑی سی ٹوپی پہن کر کراچی آئے،انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، کراچی میں سیاست ان کا حق ہے، مولا بخش چانڈیو

بڑے میاں نے تو وفاقی فنڈز کا نوے فیصد پنجاب کو دئے اور شہباز شریف نے وہ سب لاہور پر لگا دیا

اتوار 22 اپریل 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو نے مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے دورہ کراچی پر اپنے ایک بیان میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف بڑی سی ٹوپی پہن کر کراچی آئے،انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔شہباز شریف اپنی جماعت کے سربراہ ہیں کراچی میں سیاست ان کا حق ہے۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے تو جھوٹے وعدوں کے علاوہ اس شہر اور صوبے کو کچھ نہیں دیا۔بڑے میاں نے تو وفاقی فنڈز کا نوے فیصد پنجاب کو دئے اور شہباز شریف نے وہ سب لاہور پر لگا دیا۔انہوں نے کہا کہ قیام امن کے بعدن لیگ کی کراچی شہر کی سیاست میں انٹری خطرے کی گھنٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ محترمہ شہید کے دوسرے دور میں شہر میں امن ہوا تو نواز شریف نائن زیرو پہنچ گئے تھے۔

(جاری ہے)

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ نواز شریف کے دورہ نائن زیرو کے بعد شہر کا امن دوبارہ ایسا بگڑا جو اب جاکر سنبھلا ہے۔اب بڑے میاں نااہل ہوئے تو چھوٹے میاں نے انٹری دی ہے ، اللہ خیر کرے ۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ کراچی کے لوگ پرانے شکاریوں کے اسی پرانے جال میں نہیں پھسیں گے۔ ن لیگ کی سوچ علاقائی ہے اور سندھ میں لسانیت کو ہوا دینے کا ایجنڈا بنایا گیا ہے۔مولابخش چانڈیونے کہا کہ شہباز شریف سندھ کے عوام میں تقسیم کا ایجنڈا لے کر کراچی آ جا رہے ہیں۔سندھ کے عوام نے پہلے بھی علاقائی سوچ رکھنے والوں کو مسترد کیا اب بھی یہ نامراد جائیں گے۔