تیسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس آج بروز ( پیر ) کو لاہور میں ہو گی ، مختلف اسلامی ممالک کے مندوبین لاہور پہنچ گئے

اتوار 22 اپریل 2018 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام تیسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس آج بروز ( پیر ) کو لاہور میں ہو گی ، کانفرنس میں شرکت کیلئے مختلف اسلامی ممالک کے مندوبین لاہور پہنچ گئے ، کانفرنس میں مختلف اسلامی ممالک کے سفراء اور ملک بھر سے 5000 سے زائد علماء و مشائخ شریک ہوں گے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ایوان اقبال لاہور کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا عبد الحمید وٹو ، قاضی مطیع اللہ سعیدی ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا احمد ندیم ، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا عبد القیوم فاروقی، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا محمد اسلم قادری بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مسلم امہ کو متحدہ ہو کر جدوجہد کرنی ہے ، انتہاء پسندی اور دہشت گرد تنظیموں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے مسلم علماء اور مفکرین کو متفقہ لائحہ عمل اپنانا ہے ، پاکستان علماء کونسل کے تحت ہونے والی تیسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس انتہاء پسندی ، دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد اور اسلامی اور عرب ممالک میں بیرونی مداخلتوں کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل سامنے لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں بارہ سے زائد اسلامی ممالک کے مندوبین شریک ہوں گے ، کانفرنس میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین اور مسلم اور عرب ممالک کے درمیان پاکستان کے تعلقات کے استحکام کیلئے بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔ کانفرنس کی دوسری نشست کی صدارت سعودی عرب کے مذہبی امور کے سیکرٹری کریں گے جبکہ کانفرنس میں شیخ الازہر کے نمائندے اور فلسطین کے ڈپٹی چیف جسٹس فلسطین کے صدر کا اہم پیغام پیش کریں گے ۔ کانفرنس کے انتظامات مکمل کردئیے گئے ہیں ، لاہور شہر سمیت پورے ملک کے اندر کانفرنس کے حوالے سے تشہری مہم عروج پر ہے ۔