Live Updates

کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں بلکہ اس شہر کا دکھ درد باٹنے آیا ہوں‘ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے فنڈز کا حساب ہونا چاہئے‘ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملیں گے‘ کراچی کا امن لوٹانے کا کریڈٹ محمد نواز شریف کو جاتا ہے‘ ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر شہر کی ترقی کے لئے کام کریں گے‘ شہباز شریف

اتوار 22 اپریل 2018 18:30

کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں بلکہ اس شہر کا دکھ درد باٹنے آیا ہوں‘ کراچی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں بلکہ اس شہر کا دکھ درد باٹنے آیا ہوں‘ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے فنڈز کا حساب ہونا چاہئے‘ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملیں گے‘ کراچی کا امن لوٹانے کا کریڈٹ محمد نواز شریف کو جاتا ہے‘ ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر شہر کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ایم کیو ایم بہادر آباد کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی اہمیت کے پیش نظر ایک ہفتہ میں یہ میرا دوسرا دورہ ہے، ایم کیو ایم کے عہدیداروں سے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں بلکہ اس شہر کا دکھ درد باٹنے آیا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے فنڈز کا حساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کا امن لوٹانے کا کریڈٹ محمد نواز شریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے ، کراچی پاکستان کا چہرہ ہے، ماضی میں گندگی اس شہر کی پہچان نہیں ہوا کرتی تھی، اربوں روپوں کے ترقیاتی فنڈز کہا گئے اس کا جواب بھی ملنا چاہئے۔

کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے محمد شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے، واپڈا سے سستی بجلی لیتے رہے لیکن اپنے 250 میگا واٹ کے دو کارخانوں سے بجلی نہیں پیدا کی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے گزارش کی ہے کہ رمضان شریف میں کراچی والوں کو پوری بجلی ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر ترقیاتی منصوبے مکمل کریں گے، کراچی میں جنوبی ایشیاء کی سب سے بڑی یونیورسٹی بنائیں گے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنماء خالد مقبول صدیقی نے محمد شہباز شریف کی بہادر آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے جو سندھ کے شہروں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا ، مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو کم کر کے دکھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اور آپ کے تعاون سے کراچی میں امن کا قیام ممکن ہوا، آج کی ملاقات میں پانی اور بجلی کے بحران پر محمد شہباز شریف سے بات کی ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لئے ترمیم کرنے کے لئے بھی کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مصنوعی اکثریت رکھنے والی صوبائی حکومت مسلط ہے، منظم سازش کے ذریعے سیاسی ایوانوں میں سندھ کی اصل شناخت کو کم از کم دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف امن کی ضمانت دیتا ہے، ہمارے مطالبہ پر شہر میں امن ہوا۔

خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ ہم نے وفاق سے متعلق تمام مسائل بشمول کراچی اور حیدر آباد کے ترقیاتی پیکجز پر عملدر آمد کے لئے شہباز شریف سے بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے محمد شہباز شریف سے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو خود مختار بنانے کے لئے ہماری مدد کریں۔ قبل ازیں ایم کیو ایم بہادر آباد کے دفتر پہنچنے پر ایم کیو ایم کے رہنماء خالد مقبول صدیقی و دیگر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات