نیلی بار کی ثقافت کو پاکستان اور دنیا بھرمیں متعارف کروانے کیلئے 25 اپریل کو آرٹ اینڈ کرافٹ میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ریاض حسین شاہ

اتوار 22 اپریل 2018 18:40

ساہیوال۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) نیلی بار کی ثقافت کو پاکستان اور دنیا بھرمیں متعارف کروانے اور مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام 25 اپریل کو آرٹ اینڈ کرافٹ میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ڈویژن بھر سے فنکار ‘دستکار اور ہنر مند مختلف مقابلوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔

یہ بات ڈائریکٹر آرٹس کونسل ریاض حسین شاہ نے بتائی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کی تخلیقات کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلئے اس مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ہڑپہ آرٹ کے علاوہ کھلونے بنانے والے ‘کھُسے بنانے والے اور ٹوکریاں بنانے والے فنکار حصہ لیں گے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دستکاری‘گلاس پینٹنگ ‘لیدر آرٹ اور ووڈ ورک میں بھی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔

یہ مقابلے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جناح ہال میں جاری رہیں گے جن میں فنکار موقع پر ہی اپنے فن پارے تخلیق کریں گے۔مقابلوں کے اختتام پر کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی ایک خصوصی تقریب میں پوزیشن حاصل کرنے والے دستکاروں اور فنکاروں میں نقد انعامات اور شیلڈز تقسیم کریں گے جو بعد میں صوبائی سطح کے مقابلوں میں ساہیوال ڈویژن کی نمائندگی کریں گے۔