پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کے عوام کی خدمت کی ہے اور بڑے چیلنجز کو حل کیا ہے

اتوار 22 اپریل 2018 19:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کے عوام کی خدمت کی ہے اور بڑے چیلنجز کو حل کیا ہے۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت کی خراب طرز حکمرانی نے ملک کو تقریبا دیوالیہ بنا دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرنے کے قریب ہے اور ملک میں عام انتخابات قریب آ رہے ہیں،ان عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی سیاسی جماعت ہی ملک پر حکمرانی بھی کرے گی۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں نظام کو مضبوط بنانے کے لیے جمہوری عمل کا تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ریاستی ادارے کو اپنی آئینی حدود میں کام کرنا چاہیئے اور اپنے متعلقہ شعبوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوری انصاف کے حصول کے لیے عدالتی نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔