منظورشدہ ھائوسنگ سکیموں کا ’’لے آئوٹ پلان ‘‘ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ

اتوار 22 اپریل 2018 19:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) راولپنڈی کے ترقیاتی ادارے آر ڈی اے نے بوگس رہائشی اسکیموں کی روک تھام کے لیے این او سی کی حامل تمام منظورشدہ ھائوسنگ سکمیوں کا ’’لے آئوٹ پلان ‘‘ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا ،غیر قانونی ھائوسنگ اسکیموں کے چار کیسز سب رجسٹرار اور اسسٹنٹ کمشنر کوبھجوا دیئے گئے ۔

ڈائریکٹر آر ڈی اے جمشید آفتاب نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کی حدود میں واقع تمام ھائوسنگ سکمیوں کے موجودہ سٹیٹس کو اپ ڈیٹ کر کے تمام قانونی و غیر قانونی سکیموں کی تفصیلات آر ڈی اے کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں جبکہ مستقبل قریب میں شہریوں کو جعلسازی سے بچانے کے لیے تمام منظور شدہ ھائوسنگ اسکیموں کے لے آئوٹ پلان کو بھی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیاجائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس طرح کوئی رہائشی سکیم لے آئوٹ پلان میں کسی بھی طرح من مانی ترمیم نہیں کر سکے گی اور عوامی مقاصد کے لیے مختص پلاٹس صرف اور صرف انہی مقاصد کے لیے استعمال ہو سکیں گے ۔دوسری جانب آر ڈی اے نے راولپنڈی پولیس ،سٹیٹ بنک ،ڈی جی پیمرا سمیت دیگر متلعقہ اداروں کو خطوط لکھنے کے ساتھ ساتھ زیر وٹالرینس پالیسی پر عمل در آمد کا فیصلہ بھی کیاہے ۔

ڈائریکٹر آر ڈی اے جمشید آفتاب نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی میں خلاف ضابطہ اور غیر قانونی نجی رہائشی اسکیموں کے خلاف ٹھوس اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام متلعقہ محکموں کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں تاکہ عوام النا س کو بوگس و جعلی رہائشی اسکیموں کے فراڈ سے بچایا جا سکے ۔ڈائریکٹر آر ڈی اے جمشید آفتاب نے قومی خبر رساں ایجنسی کو بتایاکہ آر ڈی اے نے سی پی او راولپنڈی کو بھی باقاعدہ خط لکھ کر جعلی ،غیر قانونی اور نامنظور ھائوسنگ سوسائٹیز کے بکنگ دفاتر کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے اور ایسی رہائشی اسکیموں کے خلاف دھوکہ دہی اور فراڈ کے مقدمات کے اندراج کی درخواست کی گئی ہے ۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ سٹیٹ بنک آف پاکستان کو بھی ایک خط کے ذریعے جعلی ھائوسنگ اسکمیز کے مالکان ور سہولت کاروں کے اکائونٹس نہ کھولنے کی درخواست کی گئی ہے ۔اسی طرح نجی ھائوسنگ اسکیموں کی قانونی حیثیت کی بابت عوام الناس کو آگاہ کرنے کے لیے نظامت تعلقات عامہ پنجاب کو بھی مراسلہ بھجوایا گیاہے جبکہ آر ڈی اے کی ویب سائٹ پر رہائشی اسکیموں کی تازہ ترین حیثیت اپ ڈیٹ کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ غیر قانونی رہائشی ااسکیموں کی پرکشش اشتہاری مہمات کی جانچ پڑتال کے لیے ڈی جی پیمرا سے مدد طلب کی گئی ہے جبکہ بجلی ،پانی اور گیس کی فراہمی کے ذمہ دار اداروں کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں جن میں ان سے درخواست کی گئی ہے آر ڈی اے سے غیر منظور شدہ کسی بھی ھائوسنگ سوسائٹی کو یوٹیلیٹی سروسز نہ دی جائیں ۔بیرون ممالک میں رہائش پذیر پاکستانیوں کو بوگس رہائشی اسکیموں میں سرمایہ کاری سے باز رکھنے کے لیے اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن کو انتباہی خط جاری کر دیا گیا ہے ۔

جمشید آفتاب نے کہاکہ آر ڈی اے اس کے ساتھ ساتھ غیر قانونی رہائشی اسکیموں کے خلاف جلد گرینڈ آپریشن کرے گا ۔انہوں نے عوام کو ہدایت کی کسی بھی بوگس رہائشی اسکیم میں سرمایہ کاری سے گریز کریں ۔