رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں کسی صورت برداشت نہیں ،ایڈٖیشنل سی ای او

کمرشل سرگرمیوں میں ملوث 400سے زائد سکولوں ،بیوٹی پارلرز اور دیگر تجارتی اداروں کو انخلاء کے حتمی نوٹسز جاری

اتوار 22 اپریل 2018 19:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیوں میں ملوث 400سے زائد سکولوں ،بیوٹی پارلرز اور دیگر تجارتی اداروں کو انخلاء کے حتمی نوٹسز جاری کر دیئے ۔چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈکے ایڈیشنل سی ای او نوید نواز نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیاکہ چکلالہ کینٹ کے رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور اس ضمن میں چکلالہ کینٹ انتظامیہ نے کنٹونمنٹ ایکٹ 1924کے سیکشن 256کے تحت سینکڑوں اداروں کو حتمی نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔

ان حتمی نوٹسز کے بعد اب رہائشی علاقوں میں قائم سکولوں سمیت دیگر اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں نوید نواز نے سرکاری نیوز ایجنسی کو بتایاکہ رہائشی علاقوں سے تجارتی سرگرمیوں کے خاتمے کے احکامات پر عمل در آمد نہ کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور حتمی نوٹسز کے اجراء کے بعد کسی بھی وقت ان کے سائن بورڈز اکھاڑنے کے ساتھ ساتھ بجلی پانی کے کنکشنز بھی منقطع کر دیئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ رہائشی علاقوں میں قائم تعلیمی اداروں کو نئے تعلیمی سال کا آغاز نہ کرنے کی بابت پہلے ہی آگاہی دی جا چکی ہے ۔ایڈیشنل سی ای او چکلالہ کینٹ نے واضح الفاظ میں کہاکہ رہائشی علاقوں میں قائم سکولوں سمیت دیگر تجارتی سرگرمیوں میں ملوث اداروں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور کینٹ انتظامیہ ان کے آگے نہیں جھکے گی ۔

انہوںنے کہاکہ کینٹ بورڈ نے یہ نوٹسز سپریم کورٹ کی ہدایات پر جاری کیے ہیں جو کہ سپریم کورٹ نے گذشتہ برس 24اکتوبر کو جاری کیے تھے ۔نوید نواز نے کہاکہ چکلالہ کینٹ انتظامیہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدر آمد کروا رہی ہے اور ہر صوت ان پر عمل در آمد کروایاجائے گا ۔انہوں نے مزید کہاکہ چکلالہ کینٹ رہائشی علاقوں میں قائم صرف سکولوں کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ بیوٹی پارلرز ،سیلونز ،کلینکس ،ہسپتالوں اور دیگر تجارتی سرگرمیوں میں ملوث تمام اداروں کے خلاف کارروائی کر رہاہے ۔tca

متعلقہ عنوان :