تھائی لینڈ آزادی ہاکی کپ، پاکستان کسٹمز ویٹرنز اینڈ اکیڈمی کی دوسری پوزیشن

کلکٹر کسٹمز پریوینٹو ڈاکٹر افتخار احمد کی ٹیم کو مباکباد، فائنل میں تھائی لینڈ کی قومی ہاکی ٹیم کی 2-1 سے کامیابی

اتوار 22 اپریل 2018 19:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان کسٹمز ویٹرنز اینڈ اکیڈمی نے تھائی لینڈ میں ہونیوالے آزادی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ فائنل میں تھائی لینڈ کی قومی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی ، ایونٹ میں سلور میڈل حاصل کرنے پر کلکٹر کسٹمز پریوینٹو ڈاکٹر افتخار احمد کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

بنکاک میں اوورسیز پاکستان ایسوسی ایشن تھائی لینڈ کے زیراہتمام منعقد ہونیوالے تین روزہ آزادی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کسٹمز ویٹرنز اینڈ ہاکی اکیڈمی نے عمدہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی فائنل میں کسٹمز کی ٹیم کو تھائی لینڈ کی قومی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے زیر کیا شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے اظفر یعقوب نے گول اسکور کیا جبکہ فاتح ٹیم کے دونوں گول انکے کپتان نے اسکورکئے، اس سے قبل پاکستان کسٹمز ویٹرنز نے کوارٹر فائنل میں سرابوری کلب کو 4-1 سے اور سیمی فائنل میں رائل آرمی تھائی لینڈ کی ٹیم کو 3-1 سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، کسٹمزکی ٹیم میں سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں سمیت اکیڈمی کے نوجوان ابھرتے ہوئے کھلاڑی بھی شامل تھے جبکہ صمصام شاہ قادر، چیف ڈی مشن، جمال ضیاء منیجر، اظہر علیمی اسسٹنٹ منیجر، محمد علی کوچ، زاہد علی صدیقی اسسٹنٹ کوچ اور ملک اشرف کوآرڈی نیٹر شامل تھے،اختتامی تقریب سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ زاہد علی صدیقی نے کہا کہ اوورسیز پاکستان ایسوی ایشن آف تھائی لینڈ کے صدر میاں قاسم رضا اور سینئر نائب صدر رانا تنویر احمد کی کاوشوں سے یہ ٹورنامنٹ ہر سال منعقد ہوتا ہے اور کسٹمز سات سالوں سے اس ایونٹ میں باقاعدگی سے شرکت کرتی ہے اس دوران چار مرتبہ کسٹمز نے ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا جبکہ تین مرتبہ ہمیں فائنل میں شکست کا سامنا رہا تاہم ایونٹ میں شرکت کلکٹر پریوینٹو پاکستان کسٹمز ڈاکٹر افتخار احمد کی کوششوں کی بدولت ممکن ہوئی امید ہے کہ انکا تعاون مستقبل میں جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں فائنل کے بعد اوورسیزپاکستان ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان کسٹمز ویٹرنز اینڈ اکیڈمی کوعشائیہ بھی دیا گیا ، جس پر کسٹمز ٹیم انتظامیہ نے انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔