محمد نوازشریف نے آزاد کشمیرکے ترقیاتی بجٹ کودوگنا کیا جس سے آزادکشمیرمیں مثالی تعمیروترقی کے دورکاآغاز ہو چکا ہے، قائمقام وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری طارق فاروق

اتوار اپریل 19:30

بھمبر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2018ء) قائمقام وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری طارق فاروق نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف نے آزاد کشمیرکے ترقیاتی بجٹ کودوگناہ کیا ہے جس سے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے آزادکشمیرمیں مثالی تعمیروترقی کے دورکاآغاز کردیا ہے، آزادکشمیر کے انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) پرجس اعتماد کا اظہار کیاتھا حکومت عوامی اعتماد پرپورا اتر رہی ہے، ہم نے نظام حکومت میں بڑی اصلاحات لائی ہیں جس سے کرپشن اور افراتفری کادور ختم ہوگیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی سربراہی میں اپنے پانچ سال پورے کرے گی، بھمبرمیں ترقیاتی عمل پوری طرح سے جاری ہے بھمبرچڑیاولہ روڈ ،بھمبرجاتلاں روڈ، بھمبربائی پاس روڈ ،بھمبرسمبڑیال روڈ کے منصوبہ جات کاسنگ بنیاد رکھ دیاگیاہے جبکہ بھمبرکے دیگرترقیاتی منصوبہ جات جلد شروع ہونگے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیرمیں 9 ارب روپے کی لاگت سے سڑکیں تعمیرکی جارہی ہیں راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کابینہ میں اضافہ کیاہے جس سے کچھ لوگوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے پرچم تلے ہم سب ایک ہیں، جماعت اور حکومت مضبوط اورمنظم ہے۔

کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ،ووٹرفہرستوں کی تیاری کاکام جاری ہے، جلد بلدیاتی انتخابات کرواکراقتدارنچلی سطح پرعوام کے نمائندوں کے حوالے ہوگا۔کارکنان پارٹی کااثاثہ ہیں ان کی عزت وتکریم پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا، کارکنوں کی عزت نفس کاہرممکن خیال رکھاجائے گا۔ بھمبر میں جلد انفارمیشن آفس اور الیکشن آفس قائم ہورہے ہیں جبکہ پریس کلب کی سکیم بھی منظور ہوچکی ہے، بھمبرسپورٹس سٹیڈیم میںسومنگ پول اور جمنیزیم کلب بھی بنائیں گے۔

قائمقام وزیراعظم نے بھمبرسپورٹس سٹیڈیم کوملک محمدباز کے نام منسوب کرنے کابھی اعلان کیا ۔جنڈی چونترہ کے مقام پرایک خوبصورت پارک تعمیر کیاجائے گا جس سے سیاحت کوفروغ ملے گا۔بھمبرکی سڑکیں ،سیوریج سسٹم اور گریٹرواٹرسپلائی سمیت جملہ ترقیاتی کام زمین پرنظرآئیں گے انھوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے آزاد کشمیرکے تمام ضلعی ہسپتالوں میں مفت ایمرجنسی سروسز شروع کررکھی ہیںبھمبرمیں ساڑھے چارکروڑروپے کی لاگت سے میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے دفاتر تعمیرکیے جارہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے کام زمین پرنظرآئیں گے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے، حکومت عوام کی خادم ہے ، کارکنوں کی وجہ سے ہی مسلم لیگ (ن) کو دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی، قائمقام وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے تعلیمی نظام میں بڑی اصلاحات لائی ہیں ، آزادکشمیرمیں ایک غیرجانبدارپبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کے نفاذکے قیام سے میرٹ کابول بالاہواہے، انھوں نے کہاکہ ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی عوامی خدمت کے لیے ہیں جوشہرکی خوبصورتی کے لیے اقدامات اٹھارہی ہیں، برنالہ اور سماہنی کی تعمیروترقی بھی بھمبرکے برابرہوگی، بھمبرمیں نیابس سٹینڈ بنائیں گے ٹیکسز کے نظام کوبہتربنائیں گے بس سٹینڈ کی اپروچ روڈ بنانے، بھمبرمیونسپل کمیٹی کی نئی آسامیوں کی تخلیق، قبرستان کے لیے جگہ سمیت دیگرترقیاتی کام جلد مکمل ہونگے۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے لوکل گورنمنٹ کمپلیکس بھمبر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل راجہ غلام ربانی، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی مرزامحمداجمل جرال،چوہدری جمیل سلطان، چیف آفیسر ضلع کونسل چوہدری فیاض نے بھی خطاب کیا، تقریب میںسابق ممبراسمبلی ومسلم لیگ (ن) ضلع بھمبرکے صدر راجہ مقصود احمد خان، ڈپٹی کمشنرچوہدری گفتار حسین، ایس پی راجہ مظہراقبال، چیئرمین ضلع زکواة کمیٹی عتیق الرحمن برسالوی، مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنماحاجی راجہ منیراللہ خان،کرنل (ر) افتخار احمد، چوہدری وحید، راجہ محمد اقبال، راجہ اظہراقبال، راجہ مسعود اسلم، راجہ عبدالشکور، سہیل شمیم کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان وضلعی انتظامیہ بھی موجود تھی قائمقا م وزیراعظم نے کہا کہ بھمبر شہرکوخوبصورت اور مثالی شہر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر برطانیہ کے دورہ کے بعد بھمبرکا دورہ کریں گے جہاں وہ بھمبرمیں مزید بڑے پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔