حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، صوبائی وزیر صنعت چوہدری شیر علی خان

اتوار اپریل 19:30

فتح جنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2018ء) صوبائی وزیر صنعت چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ تعلیمی ادارے بھی فروغ تعلیم کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ہوپ سکول سسٹم نے قلیل عرصہ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیںجس کا تمام تر کریڈٹ ادارے کے سربراہ اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے گزشتہ روز البرکہ ہال میں ہوپ سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکول کے ڈائریکٹر نثار احمد نے سکول کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن کمشن کے سالانہ امتحانات میں ہمارے سکول کے ہونہار طالب علم نے ضلع بھر میں پہلی اور پنجاب بھر میں چھٹی پوزیشن حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور طلبہ کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ قوم کے نونہالوں کو ملک کا مفید شہری بنانے کے ساتھ ساتھ کامیاب آدمی بنانا بھی ہمارا مشن ہے، ہم بہتر سے بہترین کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شہر کے علاوہ پسماندہ دیہی علاقوں میں بھی ہمارے کیمپس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مہمان خصوصی چوہدری شیر علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاہم پرائیویٹ ادارے شرح خواندگی کو بڑھانے کیلئے حکومت کی معاونت کر رہے ہیں، اس وقت بھی 50 فیصد سے زائد طلبہ و طالبات کو پرائیویٹ تعلیمی ادارے زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں اور معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں جو انتہائی قابل تحسین ہے، تقریب میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں میڈل اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔