راولپنڈی کینٹ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن تیز، 200سے زائد جائیداد مالکان کو انتباہی نوٹسز جاری

اتوار 22 اپریل 2018 19:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء)راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن تیز کرتے ہوئے 200سے زائد جائیداد مالکان کو انتباہی نوٹسز جاری کر دیئے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ قیصر محمود نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کینٹ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری آپریشن میں گذشتہ تین ماہ کے دوران سیکشن 185اور 256کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 201نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ راولپنڈی کینٹ کی لینڈ برانچ نے غیر قانونی اور بغیر نقشہ تعمیر کردہ 13عمارات منہدم کیں ۔

قیصر محمود نے سرکاری خبر ایجنسی کو مزید بتایاکہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے گذشتہ تین ماہ کے عرصہ میں 161 رہائشی اور 18 کمرشل نقشوں کی منظوری دی جبکہ سی ای او راولپنڈی کینٹ کی ہدایات پر لینڈ برانچ کا عملہ تواتر سے غیر قانونی ،خلاف ضابطہ اور بغیر نقشہ تعمیرات کی روک تھام کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔