خصوصی افراد کی بحالی اور اُن کو باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیموں کو حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ

اتوار 22 اپریل 2018 19:50

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی بحالی اور اُن کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لئے مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیموں کو حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ وہ کسی پر بوجھ بننے کی بجائے اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکیں۔ حکومت نے خصوصی افراد کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ 2فیصد سے بڑھا کر 3فیصد کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ڈاکٹر خالد جمیل کی سربراہی میں خصوصی افراد کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خصوصی افراد قابلیت اور صلاحیت کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں ۔ انہوں نے ڈاکٹر خالد جمیل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید حصہ بنانے میں بہت اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے کم لوگ پائے جاتے ہیں جو دوسروں کے دُکھ دًرد کو اپنا سمجھیں اور اُن کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردیںاور آپ کی خدمات نوجوان ڈاکٹروں کے لئے مشعل راہ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے 3 فیصد کوٹہ کے تحت 4848خصوصی افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے لئے خصوصی افراد کے لئے عمر کی بالائی حد میں 10سال تک رعایت دی گئی ہے اسی طرح پنجاب بیت المال کے زیر سایہ خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لئے 10فیصد فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کے لئے علاج معالجہ کی مفت سہولیات کے علاوہ سفری سہولت میں بھی 50فیصد تک کرایوں میں کمی گئی ہے۔ ڈاکٹر خالد جمیل نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں قائم فزیکل میڈیسن و بحالی ڈیپارٹمنٹ کو ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹ میں تبدیل کردیا جائے۔اس موقع پر دونوں ہاتھوں سے معذور نوجوان نے ناک سے لیپ ٹاپ چلا کر دکھایا۔