گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے معروف صحافی، دانشور جمیل اطہر کی ملاقات

اتوار 22 اپریل 2018 19:50

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں معروف صحافی، دانشور جمیل اطہر نے ملاقات کی، ملاقات میں جمیل اطہر نے گورنر پنجاب کو اپنی تصنیف ’’ایک عہد کی سرگذشت‘‘ پیش کی۔

(جاری ہے)

کتاب میں سو سے زائد سیاسی، صحافتی، سماجی اور دیگر شخصیات کی زندگیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے، گورنر پنجاب نے جمیل اطہر کی تصنیف ’’ایک عہد کی سرگذشت‘‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُن تمام شخصیات جنہوں نے ہمیشہ اعلیٰ صحافتی اقدار کی پاسداری کی اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا اُن کی زندگی کے پہلوئوں پر تحقیق کرنی چاہئے تاکہ وہ نئی نسل کے لئے مشعل راہ ثابت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ مثبت اور صحت مندانہ تنقید جمہوری عمل کے لئے آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ صحافت اور جمہوریت کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے ، جمہوریت فروغ پائے گی تو یقینا ملک میں آزاد صحافت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آزادی ٴ صحافت پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ وہ ملک و قوم کی بہتری اورترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے۔