کوئٹہ اور کراچی میں ٹیکنالوجی انکیوبیشن مراکز کا افتتاح مئی کے پہلے ہفتہ میں ہوگا،نوجوان نسل کا مستقبل ٹیکنالوجی کے استعمال سے وابستہ ہے، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی پروگرام فار گرلزپروگرام سے تعلیم جاری نہ رکھ سکنے والی خواتین کو بہتر زندگی گزارنے کے مواقع میسر آئیں گے

وزیر ممکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان خان کا پاکستان سٹارٹ اپ کپ 2017-18 فورتھ ایڈیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب

اتوار 22 اپریل 2018 20:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) وزیر ممکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ اور کراچی میں ٹیکنالوجی انکیوبیشن مراکز کا افتتاح مئی کے پہلے ہفتہ میں ہوگا،نوجوان نسل کا مستقبل ٹیکنالوجی کے استعمال سے وابستہ ہے، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی پروگرام فار گرلزپروگرام سے تعلیم جاری نہ رکھ سکنے والی خواتین کو بہتر زندگی گزارنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

وہ اتوار کو یہاں مقامی ہوٹل میں امریکی سفارتخانہ اور انڈس انٹرپرینیورز اسلام آباد چیپٹر کے زیراہتمام پاکستان سٹارٹ اپ کپ 2017-18 فورتھ ایڈیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں، تقریب سے امریکی ڈپٹی چیف آف مشن جان ہوور، انڈس انٹرپرینیور کی صدر سارا ہاشوانی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اس مقابلے میں کامیاب ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ، پاکستان سٹارٹ اپ کپ 2017-18 کی ونر کراچی کی ٹیم ریٹیلستان رہی جسے 10لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا، یہ ٹیم اب امریکہ میں ہونے والے گلوبل سٹارٹ اپ کپ میں حصہ لے گی۔

دوسر انعام فرسٹ رنراپ کا تھا جو ساڑھے سات لاکھ روپے تھا اور یہ انعام اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی ٹیم پرائس اوئے نے حاصل کیا۔ اسلام آباد کی ٹیم اوربٹ اور لاہور کی ٹیم آئی آٹومیٹ نے سیکنڈ رنر اپ انعام حاصل کیا ان میں 5 لاکھ روپے کی رقم برابر تقسیم ہوگی، سارا ہاشوانی نے بتایا کہ اس مقابلہ میں ملک بھر سے 2200درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 665کا انتخاب کیا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ 6ماہ میں علاقائی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔امریکی ڈپٹی چیف آف مشن جان ہوور نے خطاب کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے کامیاب ٹیموں میں 90فیصد نے بتایا کہ ان کہ سٹارٹ اپ کپ سے حاصل ہونے والی تربیت سے ان کے کاروبار میں نمایا ں بہتری آئی ہے۔ وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے کہا کہ پاکستان بیت المال کے تعاون سے اس سے قبل ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں 150کمپیوٹر لیب قائم کی جا چکی ہیں، جہاں سالانہ 35ہزار طالبات تربیت حاصل کرتی ہیں۔

آئی سی ٹی فار گرلز پروگرام کے تحت 1لاکھ 10ہزار طالبات کو ان لیب میں تربیت دی جا رہی ہے۔یہ پروگرام پاکستان بیت المال اور مائیکرو سافٹ کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جبکہ یونیورسل سروسز فنڈ کا تعاون بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے ملک بھر میں خواتین کو ان کی صلاحتوں میں بہتری لانے اور بہتر روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ وہ اس پروگرام میں معاونت کریں۔