اٹک میں ترقی ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے دورے اقتدار میں ہی ہوئی، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد

اتوار 22 اپریل 2018 20:00

حضرو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ لیڈروں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں، محمد نواز شریف پر پہلی بار مشکل وقت نہیں آیا، بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کیلئے نمایاں خدمات ہیں، تحصیل حسن ابدال میں جھوٹے دعوے کرنے والوں کوعوام اچھی طرح جانتے ہیں، اٹک کے عوام کو معلوم ہے کہ اٹک میں ترقی ہمیشہ مسلم لیگ نون کے دورے اقتدار میں ہوئی، 2018ء کے انتخابات میں کامیابی کے بعد تحصیل حسن ابدال کی محرومیاں ختم کی جائیں گی، دیہاتوں کو شہروں جیسی سہولیات فراہم کر کے عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرو میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پر ڈاکٹر محمد اشرف بٹ، سعید الرحمان،خاور سیٹھ ، طلال بٹ ، حاجی احسان ،کے علاوہ دیگر پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ زرداری اور نیازی اپنے مفاد کی خاطر اکٹھے ہوچکے ہیں، کل تک ایک دوسرے کے خلاف غلط زبان استعمال کرنے والوں کو قوم اچھی طرح جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام قوتیں محمد نواز شریف کا راستہ روکنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں، محمد نواز شریف ہوں یا میاں شہباز شریف دونوں میڈ ان پاکستان ہیں، میاں شہباز شریف نے جس طرح پنجاب میں حکمرانی کی اس کی مثال پوری دنیا دیتی ہے، پاکستانی عوام نے 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا تو خادم پنجاب خادم پاکستان بن کر ملک کے باقی تین صوبوں میں بھی تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔

آج ملک میں جو بھی بڑے منصوبے چل رہے ہیں وہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی دن رات کی محنت کا ثبوت ہیں۔ شیخ آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز نے بھی جمہوریت کیلئے بیشمار قربانیاں دیں جس پر وہ خراج تحسین کی مستحق ہیں، 2018 ء کے انتخابات میں کامیابی کے بعد حسن ابدال تحصیل کی محرومیاں دور کی جائیں گی۔