سوات،پختون تحفظ موومنٹ کے زیر اہتمام سوا ت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ لاہور میں علی وزیر ، سینو اعجاز ، بلال مندو خیل کو گرفتار کرنے پر پنجاب پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی

اتوار 22 اپریل 2018 20:20

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) پختون تحفظ موومنٹ کے زیر اہتمام سوا ت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ،مظاہرین جلوس کی شکل میں میونسپل کمیٹی مینگورہ سے روانہ ہوکر سوات پریس کلب پہنچ گئے ، مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر مختلف قسم کے نعرے درج تھے ، مظاہرے کے دوران پنجاب پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی ، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید عالم محسود ، ملک ریاض ، پی ٹی ایم لائرز فورم کے صدر محمد اقبال اور دیگر نے کہا کہ علی وزیر ، سینو اعجاز ، بلال مندو خیل کو پنجاب پولیس نے حسب بے جا میں رکھا ہے جو قانونی جرم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی غونڈہ گردی ختم کی جائے اور پختون کو تحفظ فراہم کیا جائے ، انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ جن اہلکاروں نے ہمارے کارکنان کو حسب بے جا میں رکھا ہے جو کہ قانونی جرم ہے ان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے ، پنجاب پولیس اور وہاں کی انتظامیہ پشتون فکر اور خیال کو سبوتاج کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک شروع کریں گے ۔