حیدرآباد، وفاقی حکومت اپنے دور اقتدار میں کسی وعدے کو پورا نہیں کرسکی،عبدالجبار خان

سندھ کے عوام بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اذیت کا شکار ہیں ،پورے سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے ہر طبقے کو متاثر کیا ہوا ہے،عوام سراپا احتجاج ہے لیکن وفاقی حکومت بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے،وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر

اتوار 22 اپریل 2018 20:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے دور اقتدار میں کسی وعدے کو پورا نہیں کرسکی ہے۔ سندھ کے عوام بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اذیت کا شکار ہیں ۔ پورے سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے ہر طبقے کو متاثر کیا ہوا ہے۔ عوام سراپا احتجاج ہے لیکن وفاقی حکومت بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف پیپلزپارٹی کو بجلی نہ ہونے پر تنقید کا نشانہ بناتے تھے اور بڑے بڑے دعوے کئے جارہے تھے کہ پورے ملک میں بجلی کا بحران حل کردیا جائے گا لیکن عملاً صورتحال پہلے کے مقابلے میں زیادہ خراب ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بینظیربھٹو نے اپنے دور حکومت میں آئی پی پیز سے معاہدے کرکے ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پایا تھا اور اس وقت صنعتوں کا پہیہ رواں دواں تھا لیکن مسلم لیگ(ن) کی غلط پالیسیوں نے پورے ملک میں ایک مرتبہ پھر بجلی کے بحران میں مبتلا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پہلے ہی معاشی طورپر لوگ بدحال ہیں۔ کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے اوپر سے بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک سمیت سندھ بھر میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔