قبائلیوں کے مسائل حل کرنا ہے اور ملک دشمنوں کی نظر ہونے نہیں دینا،قبائلیوں نے فورسز کے ساتھ مل کرقیام امن کیلئے بڑی قربانیاں دیں

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی میرانشاہ میں تاجروں کے جرگے سے ملاقات کے بعد گفتگو

اتوار 22 اپریل 2018 21:10

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ قبائلیوں کے مسائل حل کرنا ہے اور ملک دشمنوں کی نظر ہونے نہیں دینا،قبائلیوں نے فورسز کے ساتھ مل کرقیام امن کیلئے بڑی قربانیاں دیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بات انہوں نے میرانشاہ میں تاجروں کے جرگے سے ملاقات کے بعد گفتگو کے دوران کہی۔

انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر تاجر مسائل کے حل کیلئے جرگہ منعقد ہوا۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کوئی بھی مسئلہ ایسا نہیں ہے جو مذاکرات سے حل نہ ہوسکے، قبائلیوں نے فورسز کے ساتھ مل کرقیام امن کیلئے بڑی قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشنز سے دہشت گردی ختم ہوئی، اب پہلے سے بہتر ماحول ملے گا، عوامی مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن کو ملک دشمنوں کے ہاتھوں خراب نہیں ہونے دیں گے۔جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے ’’پاک فوج اور پاکستان زندہ باد‘‘کے نعرے لگائے۔جرگے میں میرانشاہ کے تاجروںکے نقصان کی زر تلافی کا تعین کرنے کے لیے پولیٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان کی نگرانی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔تاجروں نے کمیٹی کے قیام اور پاک فوج کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کمیٹی میں متاثرہ تاجر بھی شامل ہوں گے۔صدر میراں شاہ مارکیٹ محمدصدیق نے اس موقع پر کہا کہ سب سے پہلے پاکستان،پاکستان ہے تو ہم ہیں۔پولیٹیکل ایجنٹ کے مطابق میران شاہ اور میر علی بازاروں کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جو مقررہ مدت میں دکان داروں کے نقصان کا تخمینہ لگائیں گی۔انہوں نے کہا کہ عمائدین اور مشران کے ساتھ مل کر علاقے کا امن بحال رکھیں گے۔