کراچی،مدارس و مساجد کی سکیورٹی پہ مامور سرکاری اہل کاروں کوواپس بلانے سے علماء میں تشویش کی لہر ڈور گئی ہے،رہنما وفاق المدارس صوبہ سندھ

اتوار 22 اپریل 2018 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) انتظامیہ کی جانب سے مدارس و مساجد کی سکیورٹی پہ مامور سرکاری اہل کاروں کو فوری واپس بلایا گیاہے جس سے ہزاروں علماء میں تشویش کی لہر ڈور گئی ہے،ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس صوبہ سندھ کے رہنماء مولانا امداداللہ یوسف زئی،مولانا قاری عبدالرشید،مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن،ڈاکٹر محمد ادریس سومرو،مفتی محمد اکمل،مولانا محمد یعقوب،مولانا محمد شفیع،مفتی عبیداللہ انورمولانا مسعوداحمد سومرو،موالانا قاری جمیل احمد بندھانی،مفتی محمد نعیم،مولانا عبدالرزاق،مولانا قاری حق نواز نے ایک مشترکہ بیان میں کیا،قائدین وفاق مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا انوارالحق،مفتی محمد رفیع عثمانی،مولانا محمد حنیف جالندھری سمیت دیگر اہم مذہبی و دینی شخصیات سے بھی متعین حفاظتی اہلکا روں کو فوری واپس بلانا انتہائی غیر داشمندانہ فیصلہ ہے،اس موقع پہ وفاق المدارس صوبہ سندھ کے ناظم مولانا امداداللہ یوسف زئی اور میڈیا کوارڈینٹر مولانا طلحہ رحمانی نے انتظامیہ کی جانب سے اس اقدام کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار بھی کیا،اور انتظامیہ سے سکیورٹی فوری بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا،انہوں نے مزید کہا کہ قائدین وفاق کوسکیورٹی حساس اداروں کی طرف سے خدشات کی بناء پہ دی گئی تھی،امن و امان کی غیریقینی صورتحال کے تناظر میں یہ فیصلہ کی شبہات کوجنم دیتا ہے،اس لیئے ہم چیف جسٹس سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو فی الفور متبادل فراہم کرنے پہ زور دیتے ہیں،اور ملکی سلامتی کے اداروں کو بھی اس سنگین صورتحال کا فوری جائزہ لینا چاہیئے۔

#