نوازشریف سیاسی تنہائی کا شکار ، عدلیہ اور فوج کا کردار قابل تعریف ہے، پیر معصوم نقوی

اتوار 22 اپریل 2018 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ اور نظام مصطفی محاذ کے سینیر نائب صدر قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ قوم انتخا بات سے پہلے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب چاہتی ہے۔ اگر اسی کرپٹ ٹولے نے دوبارہ برسراقتدار آنا ہے تواحتساب تحریک کو شدید نقصان پہنچے گا۔ہمیں اپنا قبلہ درست کرنا چاہیے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جے یو پی نیازی کرپشن کے خاتمے کے لئے عدلیہ کے ساتھ ہے، وہ دن دور نہیں جب ہر شہری عدلیہ کی احتساب تحریک کا ساتھ دے گا۔ سوائے چند کرپٹ عناصر کے نوازشریف کے ساتھ کوئی نہیں ۔ وہ سیاسی تنہائی کا شکار ہوچکے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ عدلیہ اور فوج کا کردار قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

عدلیہ نے کرپشن اور فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھر پور کردار ادا کیا ہے۔

حکمران جماعت کا کرپٹ ٹولہ جو کچھ کہتا رہے پوری قوم ریاستی اداروں کے ساتھ ہے۔ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ملکی دولت لوٹ کر جانے والوں سے کس طرح سے پیسے واپس لئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف پارلیمنٹ میں پاناما کرپشن کیس پر قانون سازی کے بعد احتساب پر آمادہ ہوجاتے تو حکومت کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے ۔ مگر حکمرانوں کی گردن میں سریا آنے کی وجہ سے حالات خراب ہوئے۔