ایٹمی پروگرام پر امریکہ ، ایران بیان بازی نوراکشتی ہے، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

اتوار 22 اپریل 2018 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام پر امریکی اور ایرانی حکومت کے درمیان مخالفانہ بیان بازی نوراکشتی ہے۔ تاریخ شاہد ہے کہ ایرانی حکومت نے ہمیشہ امت مسلمہ کے اتحادکو نقصان پہنچایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 10۔

روزہ دورہ برطانیہ سے واپسی کے بعد پی یو سی کی مرکزی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔جس میں حافظ ممتاز حسین، پروفیسر عبدالغفار رندھاوا، ڈاکٹر عتیق اللہ عمر، مفتی عاشق حسین بخاری، اور دیگر رہنما بھی شامل تھے۔ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ امریکہ اور ایران نے مل کر عراق کو تباہ کیا۔دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کرتے رہے۔

(جاری ہے)

انہیں دو ممالک کی انسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے یمن اور شام میں مداخلت کے باعث اسلامی ممالک تباہی کا شکارہوئے ۔

انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اور ایرانی حکومت کو مشورہ دیاہے کہ وہ دوغلی پالیسی کو ترک کرکے امت مسلمہ کے اتحاد میں شامل ہوجائیں۔اگر اسلامی ممالک نے اپنی اپنی انفرادی پالیسی رکھی تو مسلم دنیا کو شدید نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ امریکہ ہمیشہ مسلمانوں کے وسائل سے اسلامی دنیا ہی کو نقصان پہنچاتا رہا ہے ۔ اس لئے تمام مسلم ممالک کو اس کے مقابلے میں مشترکہ پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔