شاہکوٹ پولیس کا شہری کے گھر پر دھاوا ، اہلخانہ نے SHO سمیت پولیس ملازمین کی درگت بنا ڈالی

مقامی ایم پی ایز کی مداخلت پر معافی تلافی ، بپھرے SHO نے مقدمہ درج کر کے FIR سیل کر دی ، متأثرین کی دھائی ، حکام بالا سے انصاف کی اپیل

اتوار اپریل 23:00

شاہ کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2018ء) شاہکوٹ پولیس کا شہری کے گھر دھاوا ، اہلخانہ نے SHO سمیت پولیس ملازمین کی درگت بنا ڈالی ، مقامی ایم پی ایز کی مداخلت پر معافی تلافی ، بپھرے SHO نے مقدمہ درج کر کے FIR سیل کر دی ، متأثرین کی دھائی ، حکام بالا سے انصاف کی اپیل ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شاہکوٹ کے نواحی اڈہ پنواں کے رہائشی نوید احسن آرائیں نے میڈیا نمائندگان کو آپ بیتی سناتے ہوئے بتایا کہ گاؤں میں ہی ہمارا رامے گروپ کے ساتھ تنازعہ چل رہا ہے جو کہ SHO تھانہ صدر تصور منیر نے بھاری رشوت لے کر ہمیں رامے گروپ کے خلاف چلنے والے قتل کے مقدمہ میں ملوث کرنے کے لئے ہمارے گھر پر پولیس ملازمین عبدالخالق ASI ، نوید کانسٹیبل اور عبدالرؤف کانسٹیبل کے ہمراہ میرے گھر پر دھاوا بول دیا ، میں گھر پر اکیلا تھا اور باقی گھر والے شادی پر گئے ہوئے تھے ، SHO بغیر کسی سرچ وارنٹ کے بیرونی دروازہ توڑ کر پولیس ملازمین کے ہمراہ گھر میں داخل ہو گیا اور مجھے زبردستی گرفتار کر کے ساتھ لیجانا چاہا جو میں نے ساتھ جانے سے انکار کیا تو SHO نے مجھے غلیظ گالم گلوچ شروع کر دیا جس کے بعد اہل محلہ اکٹھے ہوگئے اور میرے گھر والوں کو بھی اطلاع کر دی ، میرے گھر والے بھی موقع پر پہنچ گئے اور بلا وجہ ہمارے میں داخل ہونے کی وجہ پوچھی تو عبدالخالق ASI اور تصور منیر SHO نے عورتوں کے ساتھ بدتمیزی اور گالم گلوچ شروع کر دیا جس پر اہلخانہ نے طیش میں آ کر پولیس ملازمین کی درگت بنا کر ان کو کچن میں بند کر دیا اور 15 پر کال کر دی جس پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر آ گئی جن کو وقوعہ کی بابت بتلایا تو انہوں نے بھی SHO کو غلطی پر گردانا ، SHO نے اہل دیہہ کو اکٹھا ہوتا دیکھ کر معافی تلافی شروع کر دی اور ایم پی ایز طارق باوجوہ اور رانا ارشد کی یقین دہانی پر SHO کو نفری کے ہمراہ موقع سے جانے دیا جس کے بعد SHO تصور منیر نے وعدہ خلافی کرتے ہوئے میرے اور میرے بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے FIR کو سیل کر دیا ، نوید احسن نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رشوت خور SHO تصور منیر نے پولیس ملازمین کے ہمراہ بلا وجہ میرے گھر میں داخل ہو کر عورتوں کی بے حرمتی کی ، مجھے اور میرے والد کو زخمی کیا اور گھر کی توڑ پھوڑ کی ،جس کا فوری نوٹس لیا جائے ، اس بابت SHO تھانہ صدر شاہکوٹ تصور منیر نے مؤقف اختیار کیا کہ علاقہ میں فائرنگ کی بات 15 کی کال پر گئے تھے جو گرفتار نہ ہو سکے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا ۔