پاکستان 2030 تک دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا، اصغر جمالی

اتوار 22 اپریل 2018 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) انڈس موٹر کمپنی کے سی ای او اصغر جمالی نے کہا ہے کہ پاکستان 2030 تک دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران قومی معیشت کی شرح نمو 6 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے جبکہ فی کس سالانہ آمدن 1700 ڈالر تک بڑھ چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت کی شرح نمو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور پالیسیوں کے تسلسل سے پاکستان 2030 تک دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قوت خرید میں اضافہ سے گاڑیوں کی طلب بڑھی ہے اور پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے والی کئی نئی عالمی کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں جو قومی معیشت کی ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔