اداکار حمزہ علی عباسی کی فلم’’ پرواز ہے جنون‘‘ عیدالفطر پر ریلیز کی جائے گی

اتوار 22 اپریل 2018 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان کی نئی آنے والی فلم 'پرواز ہے جنون' کا شائقین کو بے حد انتظار، حمزہ علی عباسی نے مداحوں کے لیے اہم ٹویٹ کردیا۔حب الوطنی کے جذبے سے بھرپور اداکار حمزہ علی عباسی کی فلم’’’ پرواز ہے جنون‘‘ عیدالفطر پر ریلیز کی جائے گی۔ پرواز ہے جنون میں حمزہ علی عباسی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

پاکستان کے صف اول کے اداکار کی فلم کا انتظار شائقین شدت سے کررہے ہیں۔پاک فضائیہ کے تعاون سے بننے والی فلم پرواز ہے جنون میں حمزہ علی عباسی پاک فضائیہ کے پائلٹ کے کردار میں نہایت پرکشش نظر آرہے ہیں۔۔فلم میں شامل ایکشن، پاک فضائیہ کی خوبصورت لوکیشن، کنٹرول رومز اور جنگی طیاروں نے فلم کو کسی ہالی ووڈ فلم کے برابر لاکھڑا کیا ہے۔

(جاری ہے)

اب حمزہ علی عباسی نے اپنی فلم کے کور کی فوٹو شوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس شوٹ سے لطف اندوز ہوئے اور فلم عیدالفطر پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔یہ فلم کسی اہم مشن کے گرد گھومتی ہے جس میں کامیابی کے بعد تمام جوانوں کے چہرے خوشی سے سرشار نظر آرہے ہیں۔ اس فلم کو فرحت اشتیاق نے تحریر کیا ہے جبکہ دیار دل، من مائل اور دیگر متعدد ہٹ ٹی وی ڈراموں کے ڈائریکٹر حسیب حسن پہلی بار کسی فلم کی ہدایات دے رہے ہیں۔ حمزہ علی عباسی کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکار شمعون عباسی، ہانیہ عامر، احد رضامیر، شاز خان اور کبریٰ خان شامل ہیں۔