فرائض کی عدام ادائیگی اور نااہلی پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور معطل

ڈپٹی ڈائریکٹر سکھر کاشف ممتاز گوندل کیخلاف بھی انکوائری شروع،ترجمان نیب

اتوار 22 اپریل 2018 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور کو فرائض کی ادائیگی میں غفلت اور نااہلی پر معطل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو ترجمان نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور محمد رمضان کو فرائض کی عدم ادائیگی اور نااہلی پر معطل کردیا ہے،چیئرمین نے معطل افسر پر عائد الزامات کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیے جبکہ انہیں اپنے دفاع کا حق بھی دیا جائیگا۔

دوسری جانب نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر سکھر کاشف ممتاز گوندل کیخلاف بھی انکوائری شروع ہوگئی ہے۔کاشف ممتاز کو مس کنڈکٹ پر چیئرمین نیب نے تین ماہ کیلئے معطل کیا تھا۔چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک ان کی ہدایت پر ادارے کے 85 افسروں و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی گئی،جس کے بعد 23 افسروں و اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کیا جا چکا ہے۔