ْمقبوضہ کشمیر: پلوامہ کے علاقوںکریم آباد اور رتنی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں

بھارتی فورسز کا مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال ، 3نوجوان شدید زخمی

اتوار 22 اپریل 2018 23:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آبادمیں بھارتی فورسز نے پرامن احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کرکے 3نوجوانوں کو شدید زخمی کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز نے علاقے کا محاصرے کرکے گھرگھر تلاشی کی کارروائی شروع کی تو نوجوانوں نے گھروں سے باہر نکل کراحتجاجی مظاہرے کیے اور بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔

بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ اور بلٹ کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی نوجوان زخمی ہوئے جن میں سے تین نوجوان گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے سرینگر منتقل کیا گیاہے۔ جواب میں احتجاج کرنے والے نوجوانوں نے فورسز اہلکارں پر پتھرائو کیا ۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز اورمظاہرین کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

شدیدزخمی نوجوانوں کی شناخت 40سالہ تنویر احمد پنڈت، 25سالہ سجاد احمد بٹ اور 13سالہ فیضان احمد کے طور پر ہوئی ہے۔ دریں اثناء بھارتی فورسز نے پلوامہ کے علاقے رتنی پورہ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کی تو لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ بھارتی فورسز نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔ احتجاجی نوجوانوں نے جواب پر بھارتی فورسز پر پتھرائو کیا ۔ فورسز اہلکاروں اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔