پاکستان ریلوے پریم یونین نے آئندہ بجٹ میں مزدورکی تنخواہ میں مہنگائی کے تناسب سے سو فیصد اضافہ کا مطالبہ

اتوار 22 اپریل 2018 23:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان ریلوے پریم یونین نے آئندہ بجٹ میں مزدورکی تنخواہ میں مہنگائی کے تناسب سے سو فیصد اضافہ کا مطالبہ کردیا اور اگر مطالبہ تسلیم نہ کیا توپاکستان بھر کے مزدور ا ٓئندہ انتخابات میںحکمرانوں کا دھڑن تختہ کردیں گے ، مہنگائی کی موجودہ لہر نے غریب ملازمین کے لیئے جینا مشکل کر دیا ہے ۔

حکمران اپنی عیاشیوں کے اخراجات عوام پر ڈالنے کی بجائے اپنے شاہانہ اخراجات ختم کریں،مزدور بھوکا رہے گا تو حکمران بھی چین کی نیند نہیں سو سکیں گے۔ ریلوے پریم یونین لاہور ڈویژن کے سنیئرنائب صدر خالد محمود چوہدری نے ریلوے اسٹیشن پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے مزدوروں نے شب و روز محنت کرکے ریلوے کے ناکارہ انجنوں کو دوبارہ ٹریک پر رواں دواں کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

ریلوے کی آمدن میں ماضی کی نسبت بے پناہ اضافہ ہوا اور ریل کی ٹائمنگ بہتر ہوئی۔ پانچ سال کے بعد ریلوے میں مال گاڑیاں، کنٹینر اسپیشل اور آئل کی ٹرینیں ریلوے ٹریک پر نظر آنا شروع ہوگئیں۔ اب حکومت بھی مزدور دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئندہ بجٹ میںمزدوروں کی تنخواہوں اور پنشن میں سوفیصد اضافہ کا اعلان کرے۔خالد محمود چوہدری نے کہا کہ ملک میں اگر کوئی خوشحالی نظر آتی ہے تو اس کی وجہ مزدوروں کی دن رات کی محنت ہے ،حکومت کو دوسال ہونے کو ہیں مگر آج تک وہ اپنے منشور پر عمل کرسکی اورنہ ہی کوئی لیبر پالیسی بنا سکی ہے۔

حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کوملک کے غریب عوام کے مسائل کا نہ احساس ہے اور نہ ہی وہ ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے میںسیاسی بنیادوں پر بھرتی کی بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔ گزشتہ کئی برسوں سے تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی کی جارہی ہے،اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔

دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کا جس پیکیج کا وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے پاکستان ریلوے میں فوری طور پر اس پر عمل درآمد کروایا جائے۔ اجلاس میںملک بشیر، بائو طاہر ، ظہیرالدین بابر، باسط شفیق ،محمد آصف جاوید، نعیم اختر،محمد رمضان، نادر شاہ اور دیگر زونل ذمہ داران بھی موجود تھی