29 اپریل کا جلسہ شریفوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،فرخ جاوید مون

اتوار اپریل 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2018ء) تحریک انصاف کے ممبرسینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی فرخ جاوید مون نے کہا ہے کہ 23مارچ 1940 کومینارپاکستان میں قراد داد پاکستان منظور کی گئی تھی اورانتیس اپریل کو مینار پاکستان کے احاطے میں پاکستان کے عوام ’’ دونہیں ایک پاکستان ‘‘کی قرار داد پاس کریں گے جو ہمارے چیئرمین عمران خان کے سیاسی ویژن ، شفاف اور یکساں نظام حکومت، بلاتفریق عدل و انصاف کی فراہمی اور غربت کے خاتمے پر مشتمل ہوگی۔

(جاری ہے)

مینارپاکستان میں جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ جاوید مون نے کہا کہ پنجاب کی عوام کوشریف مافیا سے نجات دلانے کیلئے کپتان انتیس اپریل کومینارپاکستان آرہا ہے تحریک انصاف کے کارکن اپنے کپتان کا تاریخی استقبال کریں گے اوراس دن لاہورکی ہرگلی ’’گوشہبازگو‘‘کے نعروں سے گونجے گی۔انہوں نے کہا کہ مینارپاکستان کا جلسہ رواں برس ہونے والے عام انتخابات کا ٹریلرجبکہ شریفوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نااہل شریف کی ملک میں مارشل لا لگنے اوراین آراوملنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی انہیں اس بارجیل جانا ہوگا جہاں پرقیدی بڑی شدت سے ’’نوٹ کوعزت دو‘‘کے نعرے لگانے والے کا انتظارکررہے ہیں