جہلم ،ٹریفک پولیس ٹریفک کے معمول کو ٹھیک کرنے کی بجائے چالانوں میں مصروف،مصروف بازاروں میں ٹریفک جام ہونا روزمرہ کا معمول بن چکا ہے

اتوار 22 اپریل 2018 23:00

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) ٹریفک پولیس ٹریفک کے معمول کو ٹھیک کرنے کی بجائے چالانوں میں مصروف،جبکہ شہر کے تمام مصروف بازاروں میں ٹریفک جام ہونا روزمرہ کا معمول بن چکا ہے،تفصیلات کے مطابق ایک سروے میں وسیم بٹ،وقاراحمد،محمدزبیر،وحید بٹ نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کا کام ٹریفک کے معمول کو بحال رکھنا ہے لیکن انہیں روزمرہ کی سطح پر ہر اے ایس آئی اور سب انسپکٹر کو جتنے چالان کا ٹارگٹ ملتا ہے وہ سارا دن اسی کام میں مصروف رہتے ہیں اگر اتفاق سے ٹریفک جام بھی ہو جائے تو انہیں اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔

حالانکہ ڈی ایس پی ٹریفک جن کا تعلق بھی جہلم سے ہے انہیں ٹریفک کے معمول کو بہتر کرنے کیلئے ان کی مانیٹرنگ کرنی چاہیے اس ضمن میں جب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالغفار قیصرانی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک ایسے ہیں جہاں سڑکیں چھوٹی ہیں لیکن لوگوں میں شعور ہونے کے باعث ٹریفک جام ہونا ناممکن ہے ۔

(جاری ہے)

لیکن یہاں اتنی بڑی بڑی سڑکیں ہونے کے باوجود کاروں ،موٹرسائیکل سواروں،اور بڑی گاڑیوں کے ڈرائیوروں میں مثبت شعور بیدار نہ ہو سکا ہے،جبکہ تمام سڑکوں چاہے وہ جی ٹی روڈ ہو ،مین روڈ ہو یا شہر کے اندر سڑکیں ہوں سڑکوں کے ساتھ ایک حصہ موٹرسائیکل ڈرائیوروں کیلئے ہے جس پر انہیں چلنا چاہیے۔

لیکن وہ اس کا خیال نہ رکھتے ہوئے مین جی ٹی روڈ پر اتنی تیز رفتاری سے چلتے ہیں کہ وہ حادثات کا باعث بنتے ہیں جس سے اتنی قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے ڈی ایس پی ٹریفک کے ساتھ مشاورت کر کے تمام سکولوں میں طلباء اور تمام تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقات کر کے انہیں ٹریفک کے قوانین سے آگاہ کر کے ان کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے ایک منصوبہ بندی کی ہے جس پر عمل درآمد شروع ہو جائیگا ۔ طارق مجید کھوکھر

متعلقہ عنوان :