شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے اقوال پر عمل کرکے ہم پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ بیرسٹر عادل سلیم خان

اتوار 22 اپریل 2018 23:00

گوجرانوالہ۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) سماجی رہنما سینئر قانون دان بیرسٹر عادل سلیم خان نے کہا ہے کہ مفکر پاکستان، شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے اقوال پر عمل کرکے ہم پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، علامہ محمد اقبال کی خودداری پر عمل سے ملک ترقی یافتہ و خوشحال ہوگا، علامہ اقبال کی فکری، نظریاتی اور اسلامی سوچ کی وجہ سے پاکستان معرض وجود میں آیا، آپ کے کلام نے دنیا میں انسانی حقوق کو اجاگر کیا، قائد اعظم محمد علی جناح نے فکر اقبال پر پاکستان کی بنیاد رکھی، علامہ اقبال صرف شاعر ہی نہیں بلکہ عاشق رسولؐ بھی تھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیٹلائیٹ ٹائون میں نجی کالج کے زیر اہتمام یوم اقبال کے سلسلہ میں منعقدہ تقریری مقابلہ کے پوزیشن ہولڈر میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلمانوں کی یکجہتی کا نشان تھا جو افراتفری کا نشان بن چکا ہے، لسانیت کی تقسیم اور صوبائیت کی تقسیم ختم کرنے کیلئے ہمیں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان کی یکجہتی کے لئے ہمیں یکجان ہونا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قیامت تک کے لئے قائم رہنے کے لئے وجود میں آیا، اندرونی و بیرونی دشمنان ہمہ وقت سازشوں میں مصروف ہیں، ہمیں ارض پاک کے لئے اپنے اختلافات کو ختم کر کے دشمنان کیخلاف صف آراء ہونا چاہئے۔ بیرسٹر عادل سلیم خاں نے پوزیشن ہولڈر طلباء میں شیلڈز و نقد انعام تقسیم کئے جبکہ طلباء نے ترنم کے ساتھ کلام اقبال سنا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔