چیف جسٹس کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بے ضابطگیوں پر بورڈ ممبر پی آئی سی افضال بھٹی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

قومی ادارے اس لئے تباہ ہو رہے ہیں کہ یہاں سفارش پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں لیکن یہ قاضی اتنا کمزور نہیں ہے کہ یہ سب کچھ دیکھ کر خاموش رہے‘ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے دوران سماعت ریمارکس

اتوار 22 اپریل 2018 23:20

․لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بے ضابطگیوں کے کیس میں چیف جسٹس نے بورڈ ممبر پی آئی سی افضال بھٹی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

کیس کی سماعت کے دوران انہوں نے کہا کہ 28 اپریل کو سب کو بلائوں گا ، انہوں نے خواجہ سلمان رفیق سے کہا کہ محکمے میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر آپ کے خلاف چارج شیٹ بنے گی ، دل تو کرتا ہے کہ وزیر اعلیٰ کو بلوا کر ساری کارروائی دکھائوں۔

چیف جسٹس نے اوورسیز کمشنر افضال بھٹی سے استفسار کیا کہ آپ کی تنخواہ کتنی ہے ، افضال بھٹی نے بتایا کہ ان کی تنخواہ 5 لاکھ روپے ہے جس پر چیف جسٹس نے پوچھا کہ کہا آپ کو سرخاب کے پر لگے ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ادارے اس لئے تباہ ہو رہے ہیں کہ یہاں سفارش پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں لیکن یہ قاضی اتنا کمزور نہیں ہے کہ یہ سب کچھ دیکھ کر خاموش رہے۔