میڈیکل کالج مظفرآباد کا 8کروڑ فنڈ کسی دوسرے علاقہ میں منتقل نہیں ہونے دیں گے‘شیخ عقیل الرحمن

میڈیکل کالج کی اپنی ضروریات ہیں جنہیں پورا کیا جائے‘عملہ کو تنخواہیں دی جائیں اور جدید لیبارٹری قائم کی جائے

اتوار 22 اپریل 2018 23:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) آل پارٹیز مظفرآباد کے چیئرمین ونائب امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ میڈیکل کالج مظفرآباد کا 8کروڑ فنڈ کسی دوسرے علاقہ میں منتقل نہیں ہونے دیں گے۔میڈیکل کالج کی اپنی ضروریات ہیں جنہیں پورا کیا جائے۔عملہ کو تنخواہیں دی جائیں اور جدید لیبارٹری قائم کی جائے اور طلبہ کا ہاسٹل بنا یا جائے۔

یہ کام مقدم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کی قیادت کو اس حوالے سے احتجاج کرنا چاہیے۔اگر مظفرآباد کی قیادت محض اپنا اقتدار بچانے میں لگی رہی تو پھر آئندہ وہ اپنا بوریا بستر گول سمجھے۔مظفرآباد سے پہلے بھی زیادتی ہوئی ہے۔میڈیکل کی 80سیٹوں میں سے صرف 10یہاں دی گئی باقی سب باہر منتقل کردی گئی۔آل پارٹیز کانفرنس کے زیر اہتمام علامتی احتجاج کیا ہے اگر حکومت باز نہ آئی اور فنڈز منتقل کرنے پر بضد رہی تو پھر ہم احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے جس میں میڈیکل کالج کے طلبہ ،تمام دینی وسیاسی جماعتوں کے قائدین وکارکنان اور تاجر شرکت کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔