آسیہ اندرابی اور انکی ساتھی کارکنان 8روزہ ریمانڈ پر سینٹرل جیل سرینگر منتقل

اتوار 22 اپریل 2018 23:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو اپنے چار ساتھیوں کے ہمراہ 8روزہ عدالتی ریمانڈ پر سینٹرل جیل سرینگر منتقل کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی کو اپنے چار کارکنان کے ہمراہ گزشتہ رات ایک چھاپے کے دوران ضلع اسلام آباد کے علاقے آنچی ڈورہ سے گرفتارکیا گیا تھا۔

گرفتار ساتھیوں میں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی شامل ہیں۔۔بھارتی پولیس کے ایک افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کو قصبے میںطالبات کے احتجاج میں ان کے مبینہ کردار پرگرفتارکیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ان کے خلاف ایک کیس بھی درج کردیاگیا ہے۔ دریں اثناء کشمیر تحریک خواتین کی چیئر پرسن زمرودہ حبیب نے ایک بیان میں آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین اور دختران ملت کی دیگر کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کسی شخص کو محض اس کے نظریے کی بنیاد پر سزا نہیں دی جاسکتی اور نہ اس کو بار بار سلاخوں کے پیچھے ڈالا جاسکتا ہے۔ کشمیر تحریک خواتین کی جنرل سیکرٹری شمیم شال نے بھی ایک بیان میںآسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی کارکنان کی غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ہے۔