سابق افغان صدر ر حامد کرزئی کا دورہ بھارت ، تاج محل کی خوبصورتی اور فن تعمیر کا نظارہ کیا

اتوار 22 اپریل 2018 23:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) سابق افغان صدر ر حامد کرزئی نے دورہ بھارت کے دوران آگرہ کا دورہ کیاجہاں انھوں نے تاج محل کی خوبصورتی اور فن تعمیر کا شاہکار دیکھ کرخوشی کااظہار کیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان کے سابق صدر حامد کرزئی ان دنوں ہندوستان کے دورے پر ہیں۔وہ اتوار کو سابق رہنماوں اور وفد کے ارکان کے ہمراہ تاج محل کا دیدار کرنے کیلئے آگرہ پہنچے اور تاج محل کی خوبصورتی اور فن تعمیر کا شاہکار دیکھ کر بیحد خوش نظر آئے۔

انہوں نے تاج محل کے بارے میں رہنمائی کرنیوالے وفد سے مختلف معلومات حاصل کیں ۔تاج محل اور اس کے صدر گنبد کو بغور دیکھا اور وزٹنگ بک میں تاج محل کی خوبصورتی کی تعریف میں اپنے خیالات تحریر کئے۔تاج محل کا دیدار کرنے کے بعد حامد کرزئی نے آگرہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور طلبہ سے ملاقات کی اورآگرہ قلعہ بھی دیکھنے گئے۔

(جاری ہے)

شام 4بجے اعلی افسران کی تقریب سے خطاب کرینگے جس میں ہند اور افغانستان کے مابین خوشگوار تعلقات اور علاقائی حالات پر تبادلہ خیال کرینگے۔

تقریب ہوٹل آئی ٹی سی مغل کے دیوان خاص میں منعقد کی جائیگی۔ اس میں آگرہ کے تقریبا ڈیڑھ سوسے زائد شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے جو افغانستان کے ساتھ باہمی رشتوں کو مضبوط بنانے کے موضوع پر بات چیت کرینگے ۔سابق صدر کا یہ غیر سرکاری دورہ ہند اور افغانستان کے مابین خوشگوار تعلقات کے باب میں اہم کردار ادا کریگا۔