روس کا دوما میں کیمیائی معائنہ کاروں سے "غیر جانب داری" کا مطالبہ

اتوار 22 اپریل 2018 23:20

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) روس نے شام کے شہر دوما میں کیمیائی معائنہ کاروں سے "غیر جانب داری" کا مطالبہ کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے تنظیم برائے امتناع کیمیائی ہتھیار (او پی سی ڈبلیو) کے معائنہ کاروں سے دوما میں پیش آنے والے واقعے کی زیادہ غیر جانب دارانہ تحقیق کرنے اور واقعے کے بارے میں معروضی رپورٹ پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سے قبل روسی وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ او پی سی ڈبلیو کے معائنہ کار شامی اور روسی فورسز کی حفاظت میں دوما میں داخل ہوئے۔ادھر تنظیم برائے امتناع کیمیائی ہتھیار نے اعلان کیا ہے کہ اس کے معائنہ کاروں نے کیمیائی حملے کی جگہ سے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔ تنظیم کے مطابق وہ صورت حال کا جائزہ لے گی اور آئندہ ممکنہ اقدامات پر غور کرے گی جن میں دوما کا ایک اور دورہ بھی ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن ڈی میستورا تہران کا دورہ کر رہے ہیں۔ ڈی میستورا کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ شامی حکومت اقوام متحدہ کے ساتھ مزید تعاون کا اظہار کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت اولین ترجیح علاقائی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔ ڈی میستورا کے مطابق اگر موثر صورت میں سیاسی حل کی پیروی نہ کی گئی تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :