شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ترقیاتی کامو ں کا جال بچھا دیا گیا،وزیر بلدیات پنجاب

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ترقیاتی کامو ں کا جال بچھا دیا گیا جبکہ معیار میونسپل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل میانہ پورہ کے بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

یوسی چیئرمین مہر ذوالفقار، جنرل کونسلرزمہر شاہجہان، وارث بٹ ، محمود بٹ ، میاں اسلام ، مہر ندیم، چیئرمینز زکوة کمیٹی مہر افضال اور میاں زبیر ، سٹی صدر مسلم لیگ ن شیخ ناصر، چاچا اسلم ،ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ غلام حسین اور اوورسیر جہانگیر بٹ کے علاوہ معززین یوسی میانہ پورہ نے کثیر تعدادمیں موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ خدمت ِخلق سے بڑھ کر کوئی عبادت نہیں اور خدمت کا یہ سفراللہ کے فضل سے جاری رہے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے نیامیانہ پورہ میں کھلے مین ہولزکور کو بند کرنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں ۔ انہو ں نے موقع پر موجود محکمہ پبلک انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ مفاد عامہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کریں اور منصوبوں کے معیار کا خاص خیال رکھیں ۔ صوبائی وزیر نے میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ توحید اختر چودھری کو ہدایت کی کہ یونین کونسلوں کے چیئرمینز کے ہمراہ اسٹریٹ لائٹس ، صفائی ستھرائی کا جائزہ لیں اور شہریوں کے شکایا ت کا ازالہ کریں ۔

قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس سیالکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں شہریوں کی کثیر تعداد نے مختلف محکموں کے متعلق درپیش مسائل کے بارے میں صوبائی وزیر کو آگاہ کیاجن کے حل کیلئے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کو مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے ۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی چودھری سیف اللہ ، سٹی نائب صدر پی ایم ایل این شیخ ناصر، ڈویژنل صدر یوتھ ونگ محمد فاروق گھمن، سٹی صدر مسلم لیگ ن خواتین ونگ نصرت جمشیداورآفس سیکرٹری مرزا اکرم بھی موجود تھے ۔