خصوصی افراد کی بحالی کیلئے حکومت اور مخیر افراد کو مل کر کام کرنا ہوگا ، گورنر پنجاب

خصوصی افراد قابلیت اور صلاحیت کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں،حکومت نے خصوصی افراد کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ 2فیصد سے بڑھا کر 3فیصد کر دیا ہے،پنجاب حکومت نے 3 فیصد کوٹہ کے تحت 4848خصوصی افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں، سرکاری ملازمتوں کے لئے خصوصی افراد کے لئے عمر کی بالائی حد میں 10سال تک رعایت دی گئی ہے اسی طرح پنجاب بیت المال کے زیر سایہ خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لئے 10فیصد فنڈز مختص کئے گئے ہیں، وفد سے گفتگو

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی بحالی اور اُن کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لئے مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیوں کو حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ وہ کسی پر بوجھ بننے کی بجائے اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکیں۔ حکومت نے خصوصی افراد کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ 2فیصد سے بڑھا کر 3فیصد کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ڈاکٹر خالد جمیل کی سربراہی میں خصوصی افراد کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خصوصی افراد قابلیت اور صلاحیت کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں ۔ انہوں نے ڈاکٹر خالد جمیل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید حصہ بنانے میں بہت اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے کم لوگ پائے جاتے ہیں جو دوسروں کے دُکھ دًرد کو اپنا سمجھیں اور اُن کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردیںاور آپ کی خدمات نوجوان ڈاکٹروں کے لئے مشعل راہ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے 3 فیصد کوٹہ کے تحت 4848خصوصی افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے لئے خصوصی افراد کے لئے عمر کی بالائی حد میں 10سال تک رعایت دی گئی ہے اسی طرح پنجاب بیت المال کے زیر سایہ خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لئے 10فیصد فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کے لئے علاج معالجہ کی مفت سہولیات کے علاوہ سفری سہولت میں بھی 50فیصد تک کرایوں میں کمی گئی ہے۔ڈاکٹر خالد جمیل نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں قائم فزیکل میڈیسن و بحالی ڈیپارٹمنٹ کو ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹ میں تبدیل کردیا جائے۔اس موقع پر دونوں ہاتھوں سے معذور نوجوان نے ناک سے لیپ ٹاپ چلا کر دکھایا۔

قبل ازیں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں معروف صحافی، دانشور و چیف ایڈیٹر روزنامہ جرأت جمیل اطہر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جمیل اطہر نے گورنر پنجاب کو اپنی تصنیف ’’ایک عہد کی سرگذشت‘‘ پیش کی۔ کتاب میں سو سے زائد سیاسی، صحافتی، سماجی اور دیگر شخصیات کی زندگیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ گورنر پنجاب نے جمیل اطہر کی تصنیف ’’ایک عہد کی سرگذشت‘‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُن تمام شخصیات جنہوں نے ہمیشہ اعلیٰ صحافتی اقدار کی پاسداری کی اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا اُن کی زندگی کے پہلوئوں پر تحقیق کرنی چاہئے تاکہ وہ نئی نسل کے لئے مشعل راہ ثابت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ مثبت اور صحت مندانہ تنقید جمہوری عمل کے لئے آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ صحافت اور جمہوریت کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے ، جمہوریت فروغ پائے گی تو یقینا ملک میں آزاد صحافت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آزادی ٴ صحافت پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ وہ ملک و قوم کی بہتری اورترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے۔