کراچی عروس البلا اور روشنیوں کا شہر تھا جس کو ماضی میں دہشت اور خوف کی علامت بنایا گیا، میاں شہباز شریف

کراچی کو کھویا ہوا مقام دلانے کیلئے سب کو ذاتی انا سے ہٹ کر متحد ہونا ہوگا،ہم پاکستان کی ترقی کے لئے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے،محبت اور امن سے سب کو جوڑنا ہے ، اے این پی کے ظہرانے سے خطاب کراچی میں خوشحالی ہوگی تو پورا ملک خوشحال ہوگا، شہباز شریف کو حقیقی قوم پرست سمجھتا ہوں انہوں نے اپنے صوبے میں کام کر کے دکھایا ہے، گزشتہ 30 سال میں کراچی نے بہت زخم کھائے ہیں ہم ایک مرتبہ پھر اس شہر کو روشنیوں کا شہر بنانا چاہتے ہیں ا ور سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں ماضی میں جو کچھ ہوا اس کا سب سے زیادہ نقصان ارودو بولنے والوں کو ہوا ہے، شاہی سید

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) مسلم لیگ ( ن ) کے مرکزی صدر اوروزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ کراچی عروس البلا اور روشنیوں کا شہر تھا جس کو ماضی میں دہشت اور خوف کی علامت بنایا گیا۔ ہم کراچی کے کھوئے ہوئے اس مقام کو دلانا چاہتے ہیں۔جس کے لئے ہم سب کو ذاتی انا سے ہٹ کر متحد ہونا ہوگا۔ہم پاکستان کی ترقی کے لئے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔

محبت اور امن سے سب کو جوڑنا ہے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ گذشتہ 30 برسوں میں کراچی نے بہت زخم کھائے ہیں۔کراچی ملکی معیشت کا حب ہے۔ہمیں ملکر اس شہر کی ترقی کے لئے چلنا ہوگا۔ آج کی ہماری ملاقات کا مقصد پاکستان کی مضبوطی اور کراچی کی روشنیاں ہیں۔پاکستان عدلیہ ،فوج اور پارلیمنٹ سمیت سب کا ہے تاہم پارلیمنٹ بالادست ہے اور پارلیمان میں بیٹھے لوگ ملکر اس کا احترام کرائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اتوار کو عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید کی رہائش گاہ پر شہباز شریف کے اعزاز میں دئیے ظہرانے کے موقع پر خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنماء مشاہد حسین سید ، گور نر سندھ محمد زبیر، مسلم لیگ ( ن ) کے رہنماء خواجہ طارق نذیر،امان آفریدی ،عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے سیکر یٹری جنرل یونس بونیری اور دیگر بھی موجود تھے۔

شہباز شریف نے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا چہرہ ،قائد اعظم کا عظیم شہر ہے۔ہم نے اسے دوبارہ قائد اعظم کا حقیقی شہر بنانا ہے۔نواز شریف نے اپنے دور میں اداروں کے تعاون سے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا کسی حد تک خاتمہ کیا ہے۔میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ کراچی کی ترقی اور اس کی روشنیوں کی بحالی کے لئے مسلم لیگ ( ن ) سب کے ساتھ ہاتھ سے ہاتھ ملا کر چلنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی استحکام اور ترقی کے لئے آپ کے ساتھ ہیں اور ہم آپس میں ہاتھ سے ہاتھ ملاکر پاکستان کو ترقی کی طرف گامزن کریں گے اس ملک کی تعمیر نو اور اس کے مسائل کو حل کرنا ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر قائد کی روشنیاں ایک مرتبہ پھر ہم نے لوٹانی ہیں کیوں کہ یہ ملکی معیشت کا حب ہے۔

کراچی کو ہم نے حقیقی معنوں میں روشنیوں کا شہر بنانا ہے۔اس کے لئے ذاتی آنا کو ایک طرف رکھ کر ہم سب کو ملکر چلنا ہوگا۔ ہمارا اتحا د ہی اس شہر کو ترقی کی طرف گامزن کرے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج میں اے این پی کی قیادت کا مشکور ہوں کے انہوں نے ملاقات کی دعوت دی اور ہم یہاں پر اظہار یکجتی کے لئے آئے ہیں ہم سب ملکر چلیں گے گئے تو ملک ترقی کرے گا۔

ہم کراچی کو ترقی کی طرف گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ہمارا مقصد ملک کی ترقی اور خوشحالی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں ملک خوشحالی اور ترقی کی طرف بڑھا ہے۔قبل ازیں شاہی سید نے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو حقیقی قوم پرست سمجھتا ہوں انہوں نے اپنے صوبے میں کام کر کے دکھایا ہے۔ گزشتہ 30 سال میں کراچی نے بہت زخم کھائے ہیں ہم ایک مرتبہ پھر اس شہر کو روشنیوں کا شہر بنانا چاہتے ہیں ا ور سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں ماضی میں جو کچھ ہوا اس کا سب سے زیادہ نقصان ارودو بولنے والوں کو ہوا ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی اور مذہبی قوتوں کو دعوت دی ہے کہ وہ آئین ملکر پاکستان اور اشہر کی ترقی کے لئے ملکر کام کریں پاکستان سب کا ہے۔عدلیہ کا بھی ،فوج بھی اور پارلیمنٹ کا بھی ہے لیکن پارلیمنٹ بالادست ہے۔میں موجود لوگوں سے کہتاہوں کہ وہ پارلیمنٹ کو احترام دلائیں۔ صحافیوں سے گفتگو میں شاہی سید نے کہا کہ کراچی میں خوشحالی ہوگی تو پورا ملک خوشحال ہوگا۔ ہم اس ملک کی ترقی کے لئے سب کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔شہباز شریف نے سراج الحق کی جانب سے سینٹ انتخابات میں اوپر کی مداخلت کے حوالے سے پوچھے گئے سول کے جواب میں کہا کہ یہ بات سراج الحق نے کی ہے اس کا جواب پرویز خٹک ہی بہتر انداز میں دیں گے