جامعہ کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈ نگ جاری ،کیمیکلز اور آلات خراب ہونے لگے شیخ الجامعہ نے کے الیکٹرک کو خط لکھ دیا، بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی درخواست

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق گذشتہ ایک ماہ سے جامعہ کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر متعدد بار بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بریک ڈائون معمول بن چکاہے جس کی وجہ سے اساتذہ ،طلبہ اور کیمپس کے رہائشی شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔تعلیمی شعبہ جات بالخصوص کلیہ سائنس میں قیمتی لیبارٹری آلات اور کیمیکلز خراب ہورہے ہیں جس سے شدید مالی نقصان ہورہاہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ریسرچ کے طلبہ بھی اپنی ریسرچ صحیح طور پر کرنے سے قاصر ہیں۔ان تمام مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کے الیکٹرک کے سی ای او کو ایک خط کے ذریعے ان تمام مسائل سے آگاہ کردیا ہے ۔خط کے مندرجات کے مطابق جامعہ کراچی کو گذشتہ کئی سال سے لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ حاصل تھا ۔شیخ الجامعہ نے کے الیکٹرک سے فوری طور پر جامعہ کراچی میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔