میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت دارالحکومت بنانے کیلئے کوشاں ہے، شیخ انصر عزیز

ایم سی آئی کو فنڈز دینے کی منظوری دینے کے فیصلے سے اسلام آباد میں ترقیاتی سرگرمیوں کا ایک نیا دور شروع ہو گا، تقریب سے خطاب

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) اسلام آباد دنیا کا دوسرا خوبصورت دارالحکومت ہے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) روٹری کلب اور دیگر ایسے اداروں کے ساتھ مل کر اسلام آباد کو دنیا کا پہلا خوبصورت دارالحکومت بنانے کے لیے کام کر ے گی۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے روٹری کلب کے زیر انتظام ’’کاسمو نائیٹ‘‘ کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر روٹری کلب کے عہدیداروں کے علاوہ کلب کے ممبران بھی موجودتھے۔ تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک کے لیے گرانقدر خدمات سر انجام دینے والوں کو میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے گولڈ میڈل دیئے۔ میئر اسلام آباد انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد ملک کا خوبصورت ،سر سبز و شاداب اور منصوبہ بندی کے تحت تعمیر ہونے والا دارالحکومت ہے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کو دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیہی اور شہری علاقوں کی تعمیر و ترقی اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نیا ادارہ ہونے کے باوجود ایم سی آئی کے منتخب عوامی نمائندوں نے اسلام آباد کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے اور دیہی علاقوں تک جدید بنیادی سہولیات کی فراہمی کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی ہے تا ہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ابھی تک بڑے منصوبوں پر کام شروع نہیں ہو سکا۔ میئر اسلام آباد نے کہا کہ اب حکومت کی طرف سے ایم سی آئی کو فنڈز دینے کی منظوری دی جا چکی ہے لہذا انہیں پوری امید ہے کہ اب اسلام آباد میں ترقیاتی سرگرمیوں کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔

میئر اسلام آباد نے روٹری کلب کی فلاحی سرگرمیوںکو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں نادار اور بے سہارا لوگ ہماری خصوصی توجہ کے متقاضی ہیںجبکہ زندگی کے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سر انجام دینے والے ہمارے ہیرو ہیںجن کی ستائش ہماری ذمہ داری ہے۔ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے پاکستان کے مایہ ناز نیوکلیئر سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد (مرحوم) سمیت مختلف شخصیات کو اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر گولڈ میڈل دیئے۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے روٹری کلب کو ایم سی آئی کی طرف سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نہ صرف وطنِ عزیز کا دارالحکومت ہے بلکہ یہ ہمارے ملک کے اتحاد اور یگانگت کا عکاس بھی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایم سی آئی اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے ہر شعبے کی طرف سے آنے والی مفید اور قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کرائے گی کیونکہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر اسے دنیا کا پہلے نمبر کا دارالحکومت بنانا ہے۔