جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کا اجلاس ،تنظیمی صورتحال اور حلقہ بندیوں کی روشنی میں اضلاع کی سفارشات پرتفصیلی غور

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کی مجلس عاملہ کا اجلاس میں مولانا گل نصیب خان کی صدارت میں منعقد ہوا جسمیں ارکان عاملہ مفتی کفایت اللہ ، مولانا عطاء الحق درویش، مولانا رفیع اللہ قاسمی، مولانا راحت حسین، حاجی اسحاق زاہد، مولانا عزیز احمد، عبدالوحید مروت اور دیگر نے شرکت کی، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے فیصلوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں اضلاع کی تنظیمی صورتحال، حلقہ بندیوں کی روشنی میں اضلاع کی سفارشات پر غور کیا گیا، اجلاس میں ہزارہ ڈویژن، ملاکنڈ ڈویژن اور جنوبی اضلاع میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی کامیاب رابطہ عوام مہم اور اضلاع کی بھر پور شرکت پر اضلاع کی تنظیموں کو مبارک باد پیش کی گئی اور عوام کی بھر پور شرکت کو 2018کے انتخابات پر گہرے اثرات اور انتخابی نتائج کو نوید قرار دیا، اجلاس میں بعض اضلاع کی سفارشات اور تجاویز کو موخر کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس کے فیصلے کے مطابق صوبائی اور قومی اسمبلی کے امیدوارں اور نئی حلقہ بندیوں کی روشنی میں اضلاع کی ارسال کردہ مکمل رپورٹ رمضان المبارک سے پہلے مرکزی جماعت کو ارسال کردی جائیگی، اجلاس میں مولانا فضل الرحمان سے اچانک سیکورٹی واپس لینے کے اقدام کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں غیر ضروی پروٹوکول ختم کرنے کی آڑ میں آئی جی خیبر پختونخوا نے سیاسی قائدین سے سیکورٹی واپس لیکر اپنے نمبر بڑھانے کی کوشش کی ہے، آئی جی خیبر پختونخوا پروٹوک اور سیکورٹی کا فرق تک نہیں جانتے اور وی آئی پی کو پروٹوک ختم کرنے کے بجائے سیکورٹی واپس لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دیگر اضلاع کیلئے شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان ڈیرہ، لکی مروت کے بعد 25اپریل وزیر ستان ،26اپریل کوہاٹ28اپریل نوشہرہ اور 29اپریل مردان میں غلبہ اسلام کانفرنس سے خطاب کرینگے صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان ، مولانا شجا ع الملک اور دیگر ارکان مجلس عاملہ بھی مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ ہونگے۔