مدارس اور دینی مراکز کیخلاف ہونیوالے پراپیگنڈا ہرگزبرداشت نہیں کریں گے،سینیٹر مشتاق احمد خان

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ مساجد، مدارس اور قانون ناموس رسالتؐ ہمارے لئے ریڈ لائن ہیں، مدارس اور دینی مراکز کے خلاف ہونے والے پراپیگنڈا ہرگز برداشت نہیں کریں گے،دینی مدارس کو بجٹ میں حصہ نہیں دیا جارہا اور پراپیگنڈا بھی انہی کے خلاف کیا جارہا ہے یہ رویہ درست نہیں، مدارس آڈٹ کرانے، بینک اکاؤنٹس کھولنے، انگریزی پڑھانے اور رجسٹریشن کے لئے تیار ہے لیکن ریاست ان کے راستے میں رکاؤٹ ہے۔

یہ حکومت کی نااہلی ہے کہ این جی اوز کو تو بنک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت ہے لیکن مدارس کو نہیں،جماعت اسلامی مدارس اور اسلامی مراکز کی نگہبان ہے،مدارس کے خلاف اٹھنے والے ہاتھ کاٹ دیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی کوٹکے صاحب آباد ضلع دیر بالا میں ختم بخاری و تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر مولانا اسداللہ، ایم پی اے سعید گل جامعہ المرکزالاسلامی کے مہتمم حافظ فضل الرحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ ہمارے ایمان کا جز ہے،عقیدہ ختم نبوت ؐ تمام مسلمانوں کے عشق نبی کا مظہر ہے، قانون تحفظ ناموس رسالت ؐکے خاتمے کے لئے بیرونی دباؤ قبول نہیں، ہر صورت اس قانون کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سود کے خاتمے کے لئے جماعت اسلامی نے تاریخی جدوجہد کی ہے، ہم نے اسمبلیوں اس کے خلاف جدوجہد کی ، سپریم کورٹ اور وفاقی شرعی عدالت میں سود کے خلاف جماعت اسلامی نے درخواستیں دی ہیں۔

سود خوروں کے خلاف اللہ اور اس رسول ؐ نے جنگ کا اعلان کیا ہم بھی سود خوروں کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہیں۔ سود کے خلاف ہماری جنگ تب تک جاری رہے گی جب تک سود ی نظام کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی چھٹی بحال کی جائے، حکومت نے اتوار کی چھٹی کے لئے دلیل گھڑی تھی کہ اس سے ملکی معیشت بہتر ہوگی لیکن جب سے حکومت نے جمعہ کی چھٹی ختم کرکے اتوار کی چھٹی کا اعلان کیا ہے، ملکی معیشت بیڑہ غرق ہوگیا ہے۔

جمعہ سید الایام ہے، جمعہ کی چھٹی کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عام انتخابات میںپچاس فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دے گی۔جہاں دوسری پارٹیاں نوجوانوں کو نظر انداز کررہی ہیں وہیں جماعت اسلامی نوجوانوں کو آگے لانے اور ملکی میں معاملات میں کردار ادا کرنے کے مواقع دے گی،ہم سیاست سے باپ بیٹے اور باپ بیٹی کی جاگیر ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم آج کے نوجوان کو کل کا حکمران بناناچاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کرپشن میں ملوث 435مزید افراد کو بھی سزا سنائے ، جب تک کرپٹ افراد کو سخت سزائیں نہیں دی جاتیں پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں پانامہ زدہ اور کرپشن کے بادشاہ رکاؤٹ ہیں، ان سے چھٹکارا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں سیکولر جماعتوں کی شکست نوشتہٴ دیوار ہے۔ سیکولر جماعتیں اپنے بوریا بستر گول کرلیں، صوبے میں دینی جماعتوں کی حکومت آئے گی۔