پولٹیکل ایجنٹ ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا رحیم اللہ محسود کے ہمراہ فرنٹیر ریجن پشاور کا دورہ ،قبائلی عمائدین سے ملاقات

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر پشاور و پولٹیکل ایجنٹ فرنٹیر ریجن پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ ایف آر پشاور رحیم اللہ محسود کے ہمراہ فرنٹیر ریجن پشاور کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے شمشتو ہال میں قبائلی عمائدین ، عوام اور علاقہ مشران سے ملاقات کی،اس موقع پر اسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ نے ڈپٹی کمشنر پشاور سے شرکاء کا تعارف کروایا، شرکاء نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے مسائل کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور ان کے خاتمے کی یقین دہانی کی۔ انھوں نے اسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ کو علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی نگرانی کر نے کی ہدایت کی اور ان کو حکم دیا کہ سکولوں اور مراکز صحت میں اساتذہ ،ڈاکٹروں اور سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور غیر حاضر سرکاری ملازمین کے بارے میں ان کو رپورٹ کی جائے تاکہ ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے قبائلی عوام کے لیے کھلے ہیں اور وہ ان سے اپنے جائز مطالبات کے لیے ملاقات کر سکتے ہیں۔انھوں نے قبائلی مشران سے امن امان کی بہتر صورتحال کے لیے تعاون کی درخواست کی۔قبائلی مشران نے علاقے میں امن و امان کے قیام میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کر وائی۔ اس موقع پر ملک فیروز اشوخیل نے ڈپٹی کمشنر پشاور کا فرنٹیر ریجن آمد پر شکریہ اد ا کیا اور ان کو روایتی پگڑی پہنائی۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر پشاور نے فرنٹیر ریجن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی سکیموں کا معائنہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :