تحصیل ناظم کا ٹل تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ ،سٹاف کی کمی اور آپریشن تھیٹر کی بندش پر اظہار برہمی

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) تحصیل ناظم حاجی پیائو زار نے ٹل تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا ،سٹاف کی کمی اور آپریشن تھیٹر کی بندش پر برہمی کا اظہار کیا ، حکومت سے فوری طور پر سہولیات اور سٹاف فراہم کرنے کا مطالبہ ۔بصورت دیگر احتجاج کی دھمکی بھی دیدی۔ تفصیلات کے مطابق ٹل تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں حکومت کی جانب سے بلا وجہ ڈاکٹرز کے تبادلے کی خبراورعوامی نیشنل پارٹی کی تنقید پر تحصیل ناظم ٹل حاجی پیائو زار نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس ٹل ہسپتال ڈاکٹر عمر خان کے ہمراہ ہسپتال کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے ہسپتال میں عدم سہولیات ، آپریشن تھیٹر کی بندش اور سٹاف کی کمی پر برہمی کا اظہار کیا۔

دورہ کے موقع پر تحصیل ناظم حاجی پیائو زار نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ٹل ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر احمد دین اور ڈاکٹر ثواب شاہ کی بلا وجہ تبادلہ سراسر ظالمانہ اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ز کے تبادلے کے باعث آپریشن تھیٹر بھی بند پڑا ہے جبکہ مریضوں کو علاج معالجہ میں بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حاجی پیاو زارنے کہا کہ ٹل عوام کے حقوق کے لئے ہر حد تک جائیں گے جبکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ اگر جنگی بنیادوں پر ٹل ہیڈ کوارٹرہسپتال کو ٹاپ ڈی گریڈ کے سہولیات مہیا نہیں کئے گئے تو صوبائی ٹل عوام کے ساتھ ملکر حقوق کے حصول تک صوبائی اسمبلی کے سامنے بھر پور احتجاج کریں گے۔