لیژر لیگ سیزن تھری ، فٹبال کلب کراچی نے جوگا بونیٹو کلب کو ہرا دیا

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) لیژر لیگ سیزن تھری کے فائنل میں فٹبال کلب کراچی نے جوگا بونیٹو کلب کو 3-0سے ہرا دیا۔ فٹبال کلب کراچی یونائیٹڈ فٹبال گرائونڈ شیریں جناح کالونی میں منعقد کیا گیا جس میں شائقین فٹبال نے بھرپور تعداد میں شرکت کی شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی ۔

7اے سائیڈ ایونٹ میں فاتح ٹیم کے موسس انڈریاس نے 2اور عزیر ولی نے ایک گول اسکور کیا ۔ اس موقع پر فٹبال کلب کراچی کے فائونڈر اور صدر حمزہ فاروق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیژر لیگ فٹبال ایونٹ سے فٹبال کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے ۔ کراچی میں فٹبال ٹورنامنٹس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن پر فیفا کی پابندی کا خاتمہ اور پی ایف ایف کا چارج فیصل صالح حیات کے سنبھالنے کے بعد ملک میں فٹبال کے ایونٹس میں اضافے کی توقع ہے انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں فٹبال اکیڈمیوں کے قیام کی اشد ضرورت ہے لیاری سمیت مختلف علاقوں کے با صلاحیت کھلاڑیوں میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔

(جاری ہے)

اچھے کوچز کے ذریعے کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں کھیل کے مواقع فراہم کئے جائیں تو کھلاڑی ملکی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ لیژر لیگ کے قانون کے مطابق فاتح ٹیم کو ٹرافی دو ہفتوں بعد دی جائے گی ۔ #