چیف جسٹس کے حکم پر مستعفی ہونے سے انکار کرنیوالی لاہور یونیورسٹی کی وائس چانسلر کی حقیقت سامنے آگئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 23 اپریل 2018 12:05

چیف جسٹس کے حکم پر مستعفی ہونے سے انکار کرنیوالی لاہور یونیورسٹی کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2018ء) : وزیر ہائیرایجوکیشن پنجاب رضا علی گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرگتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں وائس چانسلر 6 ہفتوں میں تعینات کر دیا جائے گا، تعلیمی اداروں میں سینئر ترین پروفیسرز کو وی سی لگایا جائے گا۔ گذشتہ روز یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تعیناتیوں کے لیے از خود نوٹس کیس کی چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی۔

رضا علی نے کہا کہ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی معطل وائس چانسلر کا وزیر داخلہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تعیناتیوں کے چیف جسٹس کے از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ تین یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر نے استعفٰی سپریم کورٹ میں پیش کیے۔

(جاری ہے)

جن میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر خالد محمود گوندل، وی سی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر فرید ظفر اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر عمر شامل ہیں۔

چیف جسٹس کے حکم پر وائس چانسلر لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی ڈاکٹر عظمٰی قریشی نے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا ۔ دوران سماعت ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی تعیناتی میں وزیر داخلہ احسن اقبال کا ہاتھ ہونے کا بھی تذکرہ آیا لیکن ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے اس تاثر کو غلط قرار دیا۔ ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کے استعفے سے انکار پر چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے انہیں معطل کر دیا۔