بھارت، ڈاکٹر نے ٹریفک حادثے میں سر پر معمولی چوٹ لگے شخص کی ٹانگ کا آپریشن کر دیا

پیر 23 اپریل 2018 12:36

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے سرکاری ہسپتال میں ایک ڈاکٹر نے ٹریفک حادثے میں سر پر چوٹ لگنے پر ہسپتال لائے جانے والے شخص کی ٹانگ کا آپریشن کر دیا۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص کے بیٹے نے بعد ازاں بتایا کہ اس کے والد کو بے ہوش کر کے ان کا آپریشن کیا گیا جس کی وجہ سے انہیں اس کا بروقت علم نہ ہوسکا۔

رپورٹ کے مطابق ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے وجیندر تیاگی کو سشروتا ٹراما سینٹر میں لایا گیا۔انہیں حادثے کے دوران سر اور چھاتی پر معمولی زخم آئے تھے۔ٹراما سینٹر میں تعنیات سرجن نے انہیں اس وارڈ میں زیر علاج ایک اور مریض وریندر سمجھتے ہوئے ان کی ٹانگ کا آپریشن کر دیا۔سرجن نے آپریشن کے دوران وجیندر کی ٹانگ کی ہڈی میں سوراخ کرکے اس میں ایک پن لگا دی جس کا مقصد ٹوٹی ہوئی ہڈی کو صحیح جگہ پر جوڑنے کے لئے اس کے ساتھ وزن باندھ کر لٹکانا تھا۔

(جاری ہے)

ادارے کے سربراہ کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مذکورہ سرجن کو کسی دوسرے سرجن کی نگرانی کے بغیر آپریشن کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ زخمی شخص کے بیٹے کا کہنا ہے کہ اس کے والد فی الحال اب چل پھر نہیں سکتے تاہم انہوں نے غلط آپریشن کے ذمہ دار ڈاکٹر کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔