جنوبی کوریا کا سرحد پر نصب لاوڈ سپیکرز کے ذریعے پروپیگنڈہ نشریات بند کرنے کا اعلان

اقدام فوجی کشیدگی کم کرنے اور پر امن مذاکرات کے لیے راہ سازگار کرنے کی جانب ایک قدم ہے،جنوبی کوریا

پیر 23 اپریل 2018 13:10

سیول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے مابین کشیدگی میں کمی آنے کے بعد شمالی کوریا سے منسلک اپنی سرحد پر نصب درجنوں لاؤڈ سپیکرز بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان لاؤڈ سپیکرز کے ذریعے پروپیگنڈا نشریات ہوتی تھی۔جنوبی کوریا نے رواں ہفتے دونوں ممالک کے درمیان متوقع اعلیٰ سطحی بات چیت کے پیش نظر یہ اقدامات کیے ہیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا نے سرحد پر شمالی کوریا کی جانب درجنوں لاؤڈسپیکرز نصب کر رکھے ہیں جس کے ذریعے وہ پاپ موسیقی سے لے کر شمالی کوریا کی بحرانی اور نازک صورتحال کی خبریں نشر کرتا ہے۔یہ نشریات سرحد پر تعینات شمالی کوریا کے فوجی اور اس علاقے میں رہنے والے شہری سنتے ہیں۔ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا شمالی کوریا بھی اپنے لاؤڈ سپیکرز بند کرے گا یا نہیں۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا اپنی سرحد پر نصب ان سپیکرز کے ذریعے عام طور پر سیئول اور اس کے اتحادیوں کی تنقید پر مبنی رپورٹس نشر کرتا ہے۔جنوبی کوریا کی قومی دفاع کی وزارت نے جاری ایک بیان میں کہا کہ جنوبی کوریا کا یہ قدم جنوب اور شمال کے درمیان فوجی کشیدگی کو کم کرنے اور پر امن مذاکرات کے لیے راہ سازگار کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے شمالی کوریا نے اعلان کیا کہ وہ اپنے جوہری تجربات کو روک رہا ہے اور جوہری تجربہ کرنے والے ایک مرکز کو بند کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :