گلگت ‘ نوجوان زاہد اقبال کو کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بائولنگ کیلئے منتخب کرلیا

پیر 23 اپریل 2018 13:34

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں پائی جانے والی صلاحیتوں کو ملک بھر میں اجاگر کرنے کے لیئے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششیں بلاآخر رنگ لے آئی اور گلگت سے تعلق رکھنے والے نوجوان زاہد اقبال کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ باولنگ کیلئے منتخب کر لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر سے باصلاحیت نوجوانوں کے انتخاب کیلئے مختلف علاقوں میں ٹرائل کیمپ لگائے جس میں اس دفعہ محکمہ سیاحت اور کھیل کی کوششوں کے باعث پہلی بار گلگت بھی شامل تھا۔

اس کیمپ میں ہر اس نوجوان کو شامل ہونے کی دعوت دی گئی جو کھیلنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔سٹی گراونڈ گلگت میں منعقد ہونے والے ان ٹرائل میں بھرپور شرکت کو یقینی بنا نے کیلئے محکمہ سیاحت نے ضلعی انتظامیہ کے زریعے تمام ضلعوں میں تشہری مہم بھی چلائی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواہشمند نوجوان شرکت کر کے اپنے صلاحیت کا لوہا منوا سکے۔ زاہد اقبال کے انتخاب نے نوجوانوں کے حوصلوں کو بلند کرلیا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ مستقبل میں دوسرے کھلاڑیوں کو بھی قومی ٹیم میں شرکت کے مواقع نصیب ہونگے۔